مسلمان نوجوان پر پولیس کا بلاوجہ تشدد، پاکستانی کمیونٹی سراپا احتجاج انصاف کا مطالبہ

بریڈفورڈ (کشمیر لنک نیوز) ہیلی فیکس سے تعلق رکھنے والے نوجوان پر مقامی پولیس کے بے جا ظلم پر ناصرف متاثرہ نوجوان کے رشتہ دار بلکہ گرد و نواح کی پاکستانی کمیونٹی بھی سراپا احتجاج ہے۔
ویسٹ یارکشائر پولیس کی طرف سے ہیلی فیکس میں نوجوان حسن احمد پر بہیمانہ تشدد پر پاکستانی کمیونٹی میں سخت اضطراب اور پریشانی پائی جاتی ہے ۔برطانیہ سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے سیاسی قائدین ،مذہبی رہنماؤں، سماجی اور کاروباری شخصیات نے اس افسوس ناک واقعہ کی پُرزور مذمت کی ہے۔

ان رہنمائوں کا کہنا ہے کہ ایک ایسے معاشرے میں جہاں قانون کی حکمرانی ہو وہاں پولیس کی جانب سے ایسے واقعہ کا پیش آنا اچھا شگون نہیں، حسن احمد کے ساتھ پولیس کی طرف سے جو ناروا سلوک ،اور زیادتی و ناانصافی کی گئی اس پر پاکستانی کمیونٹی کے اندر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے پولیس کے اس عمل سے لوگوں میں اچھا تاثر نہیں گیا اور پولیس والوں کی نازیبا حرکت سے محکمہ پولیس کا وقار مجروح ہوا ہے۔

واضع رہے کہ کمیونٹی کے سینکڑون افراد جن میں خواتین بھی شامل تھیں وقوعے کے بعد متعلقہ پولیس اسٹیشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا تھا۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ برطانیہ جیسے ترقی یافتہ ملک جہاں قانون کے لحاظ سے تمام کمیونٹیز کو برابری کی بنیاد پر حقوق حاصل ہیں، اس واقعہ سے عوام میں شدید مایوسی پھیلی ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes