یورو سٹار کا 40 پائونڈز میں لندن سے ایمسٹرڈیم ڈائریکٹ سروس شروع کرنے کا اعلان

لندن (کشمیر لنک نیوز) یورپ کے مختلف شہروں کو اپنی ریل سروس سے منسلک کرنے والی کمپنی یورو سٹار نے اعلان کیا ہے کہ اکتوبر سے لندن تا ایمسٹرڈیم سروس کا آغاز کیا جارہا ہے۔
یہ نان سٹاپ ٹرین صرف چالیس پائونڈز یکطرفہ کرایہ میں لندن سے ایمسٹرڈیم لیجائے گی۔ یہ سفر قریب چار گھنٹے کا ہوگا۔
دارالحکومت ایمسٹرڈیم کے علاوہ اس سروس سے مسافر راٹرڈیم سے بھی جا سکیں گے جو کہ ایمسٹرڈم کے جنوب میں واقع ہے اور تین گھنٹے 29 منٹ میں لندن میں سینٹ پینکراز انٹرنیشنل پر واپس پہنچ سکیں گے۔
ریل کا یہ روٹ 2018 سے موجود ہے اور پہلے بھی ان دو شہروں کے درمیان سفر کیا جاسکتا تھا مگر اسکے لئے واپسی کا سفر لمبا ہوجاتا تھا کیونکہ یوکے بارڈر فورس برطانیہ واپسی کے مسافروں کی چیکنگ بیلجیئم کیا کرتی تھی جو کہ نئی سروس میں ہالینڈ میں ہی ہوجایا کریگی۔

یہ اعلان برطانوی حکومت کے اس اقدام کے بعد کیا گیا جب نیدرلینڈ کو ان ممالک کی فہرست سے نکال دیا گیا جہاں سے لوگ قرنطینہ کی پابندی کے بغیر واپس آ سکتے ہیں۔ 15 اگست کے بعد نیدرلینڈ سے برطانیہ واپس آنے والے ٹریولرز کوکو رونا وائرس سیفٹی اقدامات کے تحت 14دن کے لئے سیلف آئسولیشن اختیار کرنی ہوگی۔
اس نئی سروس کیلئے ٹکٹیں یکم ستمبر سے فروخت کی جائیں گی جوکہ چھ ماہ قبل پیشگی بک کرائی جا سکیں گی۔ یورو سٹار نے کہا ہے کہ یکم جولائی سے 31 دسمبر تک کے لئے کی گئی بکنگز کو ٹکٹ کی خریداری کے وقت کسی بھی تاریخ سے تبدیل کرایا جا سکتا ہے اور روانگی سے 14 دن قبل تاریخ میں تبدیلی پر کوئی فیس ادا نہیں کرنی پڑے گی۔

50% LikesVS
50% Dislikes