اوورسیز ہم وطنوں کو کورونا سے بچائو کی مہم میں اظہرعلی ان ایکشن

اولڈہم (محمد فیاض بشیر) اولڈہم کونسل نے اپنے عوام کی کورونا سے حفاظت کیلئے ایک نئی کمپین لانچ کی ہے جس میں برطانوی دورے پر آئی کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہرعلی کو لیا گیا ہے۔
اولڈہم چونکہ ایسا علاقہ ہے جہاں پاکستانیوں کی کثیر تعداد بستی ہے اسلیئے موثر مہم کیلئے اظہر علی کی مدد لی گئی ہے جو عوام کو کورونا سے حفاظت کے اقدامات کیطرف مائل کرینگے۔


اولڈھم میں کورونا وائر س کے نئے کیس سامنے آنے پر رہائشیوں کو جزوی لاک ڈائون کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور ان پر کئی طرح کی پابندیاں بھی عائد ہیں ،ایسی صورتحال میں اولڈھم کونسل کی طرف سے گریٹر مانچسٹر،لنکا شائر، پینڈل اور بلیک برن میں لوگوں کو اجتماع کرنے اور گھر سے باہر غیر ضروری میل جول کو انتہائی کم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اعدادو شمار کے مطابق اولڈھم میں کورونا وائرس کے کیسوں میں ایک بار پھر تیزی دیکھی گئی ہے اولڈہم کونسل کے رہنما شان فیلڈنگ نے بتایا کہ نئی پابندیوں کے حوالے سے پیغام پھیلانے کے لئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی اور جیمز بکلی جنہوں نے ٹی وی سیریز ان بٹوینرز میں مرکزی کردار ادا کیا تھا، کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

اظہر علی کی طرف سے ایسے ویڈیو پیغام بھی ریکارڈکرائے گئے جن کے ذریعے کمیونٹی کو کورونا وائرس سے متعلق آگاہی فراہم کی جا سکے گی۔ اظہر علی کا کہنا ہے کہ چند ماہ سے پوری دنیا کورونا وائرس بحران کے باعث سنگین مشکلات کا سامنا کررہی ہے ،پابندیوں پر عمل درآمد سے ہم اپنی اور دوسروں کی زندگی بچا سکتے ہیں ۔غیر ضروری میل ملاپ ‘ سفر اور اجتماع میں شرکت سے گریز کیا جائے ،نئے قوانین کے تحت شمال مغربی قصبوں میں عوامی نقل و حمل کا استعمال صرف اس صورت میں کرنے کی اجازت دی گئی ہے جب شادی بیاہ یا جنازہ میں شرکت ضروری ہو اور وہاں 20سے زائد لوگوں کا اجتماع نہ ہو۔

50% LikesVS
50% Dislikes