بارسلونا آتشزدگی میں ہلاک تین نوجوانوں کی نماز جنازہ ادا، کاروائی کے بعد میتیں پاکستان روانہ ہونگی

بارسلونا (کشمیر لنک نیوز) دوہفتے قبل بارسلونا کے ایک اپارٹمنٹ میں آگ لگنے سے جھلس کر جاں بحق ہونے والے ایک ہی خاندان کے تین نوجوانوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
ہسپانوی قوانین کے مطابق مقامی عدالت اور پولیس کی کارروائی کے بعد میتیں ورثا ء کے حوالے کی گئیں تو اُس کے بعد اب نماز جنازہ ممکن ہوئی۔

نماز جنازہ میں مرحومین کے بھائی اظہر سلیم ، رانا مکرم اور قمر سمیت ہیڈ آف چانسری سفارت خانہ پاکستان میڈرڈ دانش محمود ، قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری بھی شریک ہوئے ، واضح رہے کہ قونصل جنرل بارسلونا بیماری کے باعث ہسپتال میں زیر علاج تھے جس کی وجہ سے میتیں وصول کرنے کے لئے ہیڈ آف چانسری سفارت خانہ پاکستان میڈرڈ خصوصی طور پر بارسلونا آئے تھے۔
جاں بحق ہونے والے تینوں نوجون مظہر سلیم، ابو سفیان اور محمد نواز خان سائیکل رکشہ کی بیٹری چارجنگ کے وقت پھٹ جانے سے لگنے والی آگ میں ہلاک ہوگئے تھے۔ مرحومین کی میتیں وصول کرنے اور اُن کے کاغذات مکمل کرنے کے لئے پاکستانی قونصلیٹ آفس جانے والے لواحقین کے ساتھ وہاں تعینات پرائیویٹ عملے کی خواتین کی طرف سے ناروا سلوک کی بھی بعد از نماز جنازہ اعلیٰ افسران سے شکائت کی گئی اور انہیں بتایا گیا کہ دکھ اور غم کی اس گھڑی میں ہمدردی کے دو بول بولنے اور مدد کرنے کے بجائے قونصل خانے میں تعینات پرائیویٹ سیکٹر کی خواتین نے اُن کے ساتھ بہت بد تمیزی کی جس پر وہ دل برداشتہ ہو کر واپس چلے گئے تھے۔
ہیڈ آف چانسری نے کہا کہ انہوں نے اپنی انکوائری مکمل کرکے سفیر پاکستان کو ارسال کر دی ہے اُس زیادتی کے حوالے سے جو بیانات لئے اور جو شواہد اکھٹے کئے ہیں اُن کے مطابق ایمانداری سے فیصلہ ہو گا، نماز جنازہ کے بعد دوسرا مر حلہ اب میتوں کو پاکستان پہنچانا ہے جو دو دن کے اندر اندر پاکستان پہنچ جائیں گی۔

50% LikesVS
50% Dislikes