پاکستان قونصلیٹ بریڈفورڈ کے باہر استحکام پاکستان ریلی، مسلح افواج سے یکجہتی کا اظہار

بریڈفورڈ (فیاض بشیر) یوم دفاع پاکستان کے سلسلے میں پاکستان قونصلیٹ بریڈفورڈ کے باہر استحکام پاکستان ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے افراد نے شرکت کی اور پاکستانی افواج سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔

ریلی کا اہتمام اوورسیز پاکستانیز ویلفیئر کونسل اور پاکستان کشمیر یونائیٹڈ فورم نے کیا تھا۔ اس موقع پر ریلی کے شرکاء نے بھرپور اور پرجوش انداز میں پاکستان کی مسلح افواج کی خدمات کو خراج تحسین اور شہداء افواج پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ اوورسیز پاکستانی کمیونٹی پاکستان کے دفاع و استحکام کے لئے ہرممکن کردار ادا کرتی رہے گی اور اس مقصد کے لئے اپنی بہادر اور جری مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔
ریلی کی قیادت ویلفئیر کونسل کے سیکرٹری جنرل آصف خان نے کی جبکہ کامران پیرزادہ، کرنل فیوم ، راجہ اے ڈی خان،بلال خان درانی،راجہ جلیل احمد،انیس قریشی،انعام اللہ خان،ریاض خان،راجہ رضوان جنجوعہ، بشارت قربان، چوہدری شعبان، عابد مغل سمیت دیگر کمیونٹی رہنماؤں نے خصوصی شرکت کی۔


اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ 1965میں وسائل و ٹیکنالوجی کے فقدان کے باوجود اگر پاک فوج نے بھارت کو ناکوں چنے چبوائے تھے تو بھارت مت بھولے کہ اگر پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی کوشش کی گئی توایسا سبق سکھائیں گے کہ رہتی دنیا مثال دے گی۔ دھرتی ماں مالک کائنات کا حسین تحفہ ہے اور خالق کائنات نے وطن عزیز کو بہترین فوج کے ساتھ ساتھ ایٹمی طاقت سے بھی نوازا ہے اوورسیز پاکستانی اور پاکستانی قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور وطن کے لئے جان و مال کی قربانی سے بھی دریغ نہیں کر یں گے۔

مقررین نے مزید کہا کہ بھارتی فوج اور خفیہ ایجنسی را کی جانب سے کشمیریوں پر ایک سالہ کرفیو کے ذریعے ظلم کے پہاڑ ڈھائے گئے مگر افسوس کہ عالمی میڈیا اور انسانی حقوق کے علمبردار خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes