معظم خان نے برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر کےعہدے کا چارج سنبھال لیا

لندن ( کشمیر لنک رپورٹ) سینئر سفارتکار معظم احمد خان نے گزشتہ روز برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر کا چارج سنبھال لیا ہے۔ وہ پیر ہی کو لندن پہنچے تھے۔پاکستان ہائی کمیشن کے مطابق معظم خان کا سفارتی کیریئر تین دہائیوں پر محیط ہے۔اپنی موجودہ ذمہ داری سے قبل وہ وزارت خارجہ امور میں خصوصی سیکریٹری کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ انہوں نے نیدرلینڈ اور متحدہ عرب امارات میں بطور سفیر پاکستان کیلئے خدمات انجام دیں۔ وزارت خارجہ میں معظم خان نے ڈائریکٹر جنرل (یورپ) ، ڈائریکٹر جنرل (وزیر خارجہ ) اور ترجمان کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ وہ وزارت خارجہ میں ڈائریکٹر جنرل یورپ، ڈائریکٹر جنرل دفتر خارجہ اور ترجمان کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیتے رہے ہیں۔ انھوں نے جان ہوپکنز یونیورسٹی امریکہ سے اکنامکس اور انٹرنیشنل ریلیشنز اور انٹرنیشنل اکنامکس میں ماسٹرز کیا ہے۔معظم احمد خان نے ہالینڈ میں اپنی تعیناتی کے تین سال بڑے کامیاب گزارے۔ پاکستان اور ہالینڈ کے درمیان باہمی تجارت کے فروغ کے علاوہ پاک ڈچ کمیونٹی کے لئے ان کی خدمات قابل ستائش ہیں ان کے دور میں دی ہیگ میں سالانہ پاکستانی فیسٹیول منعقد ہوتا رہا جس میں یورپ بھر سے ہزاروں پاکستانی شرکت کرتے تھے۔ دی ہیگ میں پاکستانی کمیونٹی کا قیام اور بے شمار شاندار قومی و ثقافتی تقریبات قابل ذکر ہیں پاکستان ایمبیسڈر ہاکی ٹرافی اور دیگر ٹورنامنٹس جن میں نیدرلینڈ کے پارلیمنٹرین اور وزراء بھی کھیلتے رہے بھی قابل ذکر ہیں۔ یو اے ای میں ان کی بطور سفیر تقرری اسوقت کی ایک اہم ضرورت تھی معظم احمد خان نے بطور سفیر دونوں ممالک کے تعلقات مزید بہتر بنانے میں بہت بڑا کردار ادا کیا۔ ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں یو اے ای نے انہیں اپنے قومی اعزاز ایوارڈ سے نوازا۔ کمیونٹی نے کہا ہے کہ برطانیہ میں ان کی بطور ہائی کمشنر تقرری حکومت پاکستان کا ایک دانشمندانہ فیصلہ ہے وہ اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات مزید بہتر اور پاک برٹش کمیونٹی کو بہترین خدمات انجام دیں گے۔

50% LikesVS
50% Dislikes