جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت کے وفد کی اعلیٰ پاکستانی سفارتکاروں سے ملاقاتیں

مانچسٹر (محمد فیاض بشیر) جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کے وفد کی چیئرمین راجہ نجابت حسین کی قیادت میں سبکدوش ہونے والے پاکستانی ہائی کمشنر نفیس زکریا اور مانچسٹر میں نئے آنے والے پاکستانی قونصل جنرل طارق وزیر سے تفصیلی ملاقات۔
وفد نے سبکدوش ہونے والے پاکستانی ہائی کمشنر نفیس زکریا کی لندن میں تعیناتی کے دوران مسئلہ کشمیر کے لئے ہر سطح پر کوششوں اور بطور ہائی کمشنر برٹش کشمیریوں اور پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے ان کے کردار پر برٹش کشمیریوں و پاکستانیوں کی جانب سے شکریہ ادا کیا اور ان کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

ملاقات میں چیئرمین راجہ نجابت حسین کے ساتھ تحریک کے یوتھ کے چیئرمین ذیشان عارف بھی موجود تھے۔ اس موقع پر سبکدوش ہونے والے ہائی کمشنر نفیس زکریا نے گفتگو کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے لئے سفارتی محاذ پر راجہ نجابت حسین اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تحریک حق خود ارادیت کی لابی مہم اور برٹش و یورپین پارلیمنٹ میں ممبران پارلیمنٹ اور سیاسی پارٹیوں کی لیڈر شپ سے رابطوں کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔
دریں اثناء جموں و کشمیر تحریک حق خود اردایت انٹر نیشنل کے وفد نے مانچسٹر میں پاکستانی قونصل جنرل طارق وزیر سے بھی تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات میں وفد نے قونصل جنرل کوتحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کے زیر اہتمام برطانیہ اور یورپ میں تسلسل کے ساتھ ہونے والی کوششوں اورتحریک حق خود ارادیت کی مستقبل کی سرگرمیوں اور تقریبات بارے میں تفصیلی بریف کیا۔ تحریک حق خود ارادیت نے لابی مہم کے ذریعے برطانوی ممبران پارلیمنٹ، کونسلرز مئیرز، لیبر پارٹی، کنزرویٹو پارٹی، لبرل ڈیموکریٹ اور دیگر پارٹیوں میں لابی مہم کے تناظر میں ہونے والی کوششوں بارے بھی بریفنگ دی۔
اس موقع پر قونصل جنرل طارق وزیر نے وفد کو بتایا کہ کشمیری بہن بھائیوں کی تحریک کے لئے ہم یہاں سفارتی سطح پر ہر ممکن کوششوں کو ساتھ دیں گے۔ تحریک حق خود ارادیت کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔ جہاں ہم تارکین وطن کے مسائل کے حل کے لئے کام کرنا ہمارے لئے اہم ہے وہیں بھارتی ظلم و ستم کا شکار کشمیریوں بہن بھائیوں کو ظلم و بربریت سے روکنے کے لئے سفارتی سطح پر کردار ادا کرنا بھی ہمارے فرائض میں شامل ہے۔ ہر سطح پر کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لئے بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔مانچسٹر میں قونصل جنرل سے ملاقات کے موقع پر تحریک حق خود ارادیت کے چیئرمین راجہ نجابت حسین کے علاوہ تحریک کے سرپرست اعلیٰ سردار عبد الرحمن خان، تحریک کی برطانیہ کی چیئرپرسن کونسلر یاسمین ڈار، ایڈمنسٹریشن ڈائریکٹر ہیری بوٹا، تحریک حق خود ارادیت کلچرل ونگ کی چیئرپرسن پامیلا اشرف ملک اور دیگر بھی موجود تھے۔

50% LikesVS
50% Dislikes