اوورسیز کمیونٹی کے مسائل حل کروانے کے لیے ان سے قریبی رابطہ ضروری ہے؛ مقصود کاکڑوی

ڈربی (محمد فیاض بشیر) پاکستان مسلم لیگ ن کی جڑیں عوام کے اندر بڑی مضبوط ہیں، اسکے قائد جو باتیں کرتے ہیں وہ ملک و قوم کی بہتری کیلئے ہوتی ہیں، ہم افواج پاکستان کے مخالف نہیں بلکہ مال اکٹھا کرنے اور آئین توڑنے والے مٹھی بھر جرنیلوں کے خلاف آواز بلند کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار شرکا نے ایک عشائیہ میں کیا جسکا اہتمام ممتاز سیاسی سماجی اور کاروباری شخصیت راجہ رمیض بینس نے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کے برطانیہ میں کوآرڈینیٹر راجہ مقصود حسین کاکڑوی کے اعزاز میں مقامی ریسٹورنٹ میں کیا جس میں سابق وزیر اعلیٰ میاں شہباز کے معاون خصوصی شرجیل ملک ، تارکین وطن کونسل برطانیہ کے سیکرٹری اطلاعات راجہ تفسیر حبیب ، راجہ صغیر ،راجہ عابد ، راجہ واجد خان اور راجہ راشد نے شرکت کی۔
راجہ مقصود حسین کاکڑوی نے میزبان راجہ رمیض بینس کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جب سے انہوں نے بحیثیت کوآرڈینیٹر برطانیہ کی ذمہ داریاں سنبھالی ہیں برطانیہ بھر میں بسنے والی کشمیری کمیونٹی کے ساتھ قریبی روابط کو مذید تیز کیا ہے کمیونٹی کے مسائل کو حکام بالا تک پہنچائے ہیں اور اگر کسی کا آزاد کشمیر میں کوئ ذاتی کام ہوتا ہے اسے حل کروانے کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لانے میں کوئ کوتاہی نہیں کرتا ۔ انہوں نے مذید کہا کہ کمیونٹی کے مسائل حل کروانے کے لیے ان سے قریبی رابطہ ضروری ہے اور میں جب تک عہدے پر فائز ہوں اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھاؤں گا۔
عشائیہ میں شریک شرکاء نے راجہ مقصود حسین کاکڑوی کو کوآرڈینیٹر کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کی یقین دیانی کروائی۔ شرکائے عشائیہ کا مذید کہنا تھا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی دانشمندانہ سوچ قابل ستائش ہے کہ انہوں نے ایک ایسے شخص کو ذمہ داریاں سونپی ہیں جو حقیقتاً کمیونٹی کا درد دل میں رکھتے ہیں اور بلا تفریق انکے مسائل حل کروا رہے ہیں یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہمیں راجہ مقصود حسین کاکڑوی جیسے شخص کی صلاحیتوں سے مستفید ہونے کا موقع دیا گیا۔ میزبان راجہ رمیض بینس نے شرکائے عشائیہ اور بالخصوص راجہ مقصود حسین کاکڑوی کا دلی شکریہ ادا کیا جنہوں نے انکی دعوت قبول کر کے عزت افزائی کی۔

50% LikesVS
50% Dislikes