پاکستان، دوست پالیسیوں کے باعث خطے میں سرمایہ کاری کی سب سے بڑی منزل ہے؛ سفیر پاکستان

لندن (کشمیر لنک نیوز) بیلجئم، لکسمبرگ اور یورپین یونین کیلئے سفیر پاکستان ظہیر اسلم جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے باعث خطے میں سرمایہ کاری کی سب سے بڑی منزل اور اہم ملک سمجھا جاتا ہے ۔ حکومت پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پہلے ہی متعدد مراعات دے رہی ہے اور وہ انہیں مزید سہولتیں فراہم کرنے کیلئے تیار ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیلجئم کی معروف مینو فیکچرنگ کمپنی اونٹیکس گروپ کے ساتھ ایک آن لائن میٹنگ میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ ریگولیٹری ماحول میں بہتری اور معاشی اصلاحات کے ایجنڈے کے تحت پاکستان ایک منافع بخش سرمایہ کاری کی منزل کے طور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد حاصل کر رہا ہے۔ حکومت پاکستان سے برآمدات بڑھانے کیلئے ایکسپورٹ پروسیسنگ زون قائم کئے جا رہے ہیں ۔ اس کے ساتھ ہی سرمایہ کاری کے منافع بخش مواقع کے ساتھ خصوصی اقتصادی زون بھی موجود ہیں ۔
اس موقع پر اونٹیکس گروپ کے صدر برائے امریکہ، مشرق وسطیٰ، افریقہ اور ایشیا مسٹر ارمانڈو امسمیم نے گفتگو کرتے ہوئے سفیر پاکستان کو اپنی کمپنی کے پاکستانی پورٹ فولیو کے متعلق آگاہ کیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے 10 ملین یورو کی نئی سرمایہ کاری کے منصوبے کے متعلق بھی سفیر پاکستان کو آگاہی فراہم کی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ان کا گروپ پاکستان میں نئی پروڈکٹ لائنوں کو وسعت دےکر وہ مصنوعات انڈونیشیا، بنگلہ دیش، سری لنکا اور مالدیپ کو برآمد کرے گا۔ سفیر پاکستان نے کمپنی کے اس فیصلے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے باعث بہت سی کمپنیاں زیادہ بہتر منافع کما رہی ہیں جس کے باعث ماضی قریب سے لے کر اب تک متعدد بین الاقوامی کارپوریشنوں کی جانب سے سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes