اے پی سی نے چیئرمین بلاول بھٹو کے سیاسی قد میں اضافہ کیا؛ صدر پی پی پی یوکے محسن باری

برمنگھم (کشمیر لنک نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی مقبول ترین جماعت ہے جسے ہمیشہ سازش کے ذریعے عوام سے دور رکھنے کی کوششیں کی گئیں لیکن اس جماعت کے پاس اقتدار ہق یا نہ ہو عوام اس سے جڑے رہنا باعث فخر سمجھتے ہیں، ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی برطانیہ کے صدر محسن باری نے مڈلینڈز کے تنظیمی دورے میں مختلف وفود سے ملاقاتوں میں کیا۔ ویکفیلڈ میں پارٹی صدر شہد چوہان اور جنرل سیکریٹری عمر شریف کی جانب سے منعقدہ استقبالیہ میں کیا۔ اس موقع پر انہوں نے آزاد کشمیر کے آئیندہ سال ہونے والے انتخابات کے بارے بھی پارٹی کارکنان سے مشاورت کی۔

صدر پیپلز پارٹی برطانیہ محسن باری نے بعد ازاں پیپلز پارٹی مڈلینڈز کے صدر چوہدری شاہنواز کی جانب سے منعقدہ استقبالیہ میں بھی شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے زیراہتمام ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس نہ صرف ملک کو درپیش سیاسی بحرانوں سے نکالے گی بلکہ مستقبل کی سیاسی سمت کا تعین کرے گی۔ اس آل پارٹیز کانفرنس نے بلاول بھٹو کے سیاسی قد میں اضافہ کے ساتھ بینظیر بھٹو دور کے میثاق جمہوریت کی یادیں تازہ کردیں۔
استقبالیہ میں پی پی برمنگھم کے صدر قیوم راجہ، سینئر نائب صدر مرزا اختر محمود، جنرل سیکرٹری چوہدری ارشاد عزیز، نائب صدر راجہ خالد محمود، پی پی نارتھ کے صدر گلزار خان، ریکارڈ سیکرٹری نصراللہ مغل، جنرل سیکرٹری مڈ لینڈ شیخ اشفاق، پی پی کشمیر کے کوآرڈینیٹر عارف مغل، پیپلز پارٹی گریٹر لندن کے صدر میاں سلیم، احسان قاضی، وقاص الحق گجر، چوہدری رضا گجر، وسیم یوسف و دیگر نے شرکت کی۔

محسن باری کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ایک بار پھر ملک کی تمام حزب اختلاف کی سیاسی قیادت کو اکٹھا کرکے مضبوط وفاق کی بنیاد رکھی، پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ وفاق کے لیے کام کیا، نوجوان بلاول بھٹو کی قیادت میں اے پی سی کی کامیابی اور ایجنڈے پر تمام قیادت کا متفق ہونا بڑی کامیابی ہے۔
چوہدری شاہ نواز نے کہا کہ اے پی سی کی کامیابی سے بینظیر بھٹو دور کے میثاق جمہوریت کی یادیں تازہ ہوگئیں، ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت مکمل ناکام ہوچکی ہے۔ ملک میں مہنگائی کا سیلاب ہے اور ملک سیاسی بحران میں مبتلا ہوچکا ہے اسلیئے ان حکمرانوں سے جتنی جلدی ہوسکے چھٹکارہ پالینا چاہیئے۔
گلزار خان نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں جو اتفاق و اتحاد سامنے آیا، اپوزیشن جماعتوں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ یہ اتحاد چلتے رہنا چاہیے۔ عارف مغل ایڈووکیٹ نے کہا کہ پی پی کی بنیاد مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی تھی۔ تقریب سے راجہ خالد محمود، شیخ اشفاق، رضا گجر، وسیم یوسف، وقاص الحق، میاں شاہجہاں سمیت دیگر نے خطاب کیا، آخر میں صاحبزادہ محمد رفیق چشتی نے مخدوم امین فہیم مرحوم کے فرزند سمیت پی پی کے دیگر شہدا کے لیے دعائے مغفرت کی۔

50% LikesVS
50% Dislikes