بالی وڈ اداکاروں کے پشاور میں مکانات کوعجائب گھربنانے کا فیصلہ

پشاور (شوبز رپورٹ) خیبر پختون خواہ حکومت کی طرف سے بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار اور کپور خاندان کی پشاور میں واقع آبائی رہائش گاہوں کوخرید کر میوزیم میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان کے صوبہ خیبر پختون خوا کے دارالحکومت پشاور میں بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار اور کپور خاندان کی آبائی رہائش گاہیں واقع ہیں جنہیں اب خیبر پختون خواحکومت نے خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔

خیبر پختون خوا حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق دونوں بالی ووڈ اداکاروں کے آبائی گھروں کو سرکاری تحویل میں لینے کے بعد میوزیم میں تبدیل کیا جائے گا اور اس ضمن میں خیبر پختون خوا کے ڈائریکٹر آف آرکیالوجی اینڈ میوزیمز ڈاکٹر عبدالصمد نے ڈپٹی کمشنر پشاور کو ایک خط بھی لکھا ہے جس میں اُنہوں نے لکھا ہے کہ صوبے کا محکمۂ آثارِ قدیمہ اس جگہ کو آثارِ قدیمہ ایکٹ کے تحت محفوظ آثار قرار دینا چاہتا ہے تاکہ پشاور میں سیاحت کو فروغ دیا جاسکے۔

ڈاکٹر عبدالصمد نے کہا کہ اس اقدام کے پیچھے بنیادی مقصد پشاور کی روایتی ثقافت کو بحال کرنا ہے جو دہشت گردی کے خلاف جنگ کی وجہ سے گِر گیا تھا۔ دوسری جانب خیبر پختون خوا کے ڈائریکٹر آف آرکیالوجی اینڈ میوزیمز کا خط ملنے کے بعد اب اداکار دلیپ کمار کے گھر اور کپور حویلی کو حاصل کرنے کے لیے ضروری کارروائی کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق خیبر پختون خوا حکومت کا تخمینہ ہے کہ 100 سال سے زیادہ پرانی 1800 عمارتیں حاصل کر کے انہیں سیاحت کے لیے بحال کیا جائے۔

دریں اثنا بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو نے پشاور میں واقع اپنے شوہر کے آبائی گھر کو خریدنے اور پھر اُسے میوزیم میں تبدیل کرنے کے فیصلے پر خیبر پختون خوا حکومت کی تعریف کی ہے۔

بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو نے اپنے ایک انٹرویو میں خیبر پختون خوا کے اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’میں پاکستان کی صوبائی حکومت کی کوششوں پر بہت خوش ہوں اور مجھے پوری اُمید ہے کہ وہ اپنے اس اقدام میں ضرور کامیاب ہوں گے۔‘

سائرہ بانو نے کہا کہ’مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ اس بار ہمارا یہ خواب ضرور پورا ہوگا۔‘ اُنہوں نے کہا کہ ’ماشاءاللّہ سےمجھے جب بھی یوسف صاحب (دلیپ کمار) کے پشاور میں واقع آبائی گھر کی کوئی بھی خبر ملتی ہے تو میرا دل خوشی سے بھر جاتا ہے۔‘

50% LikesVS
50% Dislikes