انسانیت کی فلاح کیلئے المصطفیٰ جیسے اداروں کو ہر ممکن مدد دینی چاہئے؛ صدر آزادکشمیر

لندن (اکرم عابد) معروف برطانوی چیریٹی المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ نے آفات کے دور میں دنیا بھر کے انسانوں کی خدمت بغیر کسی تعصب کے کی ہے، آج کل اسکی ٹیم پاکستان کے پسماندہ علاقوں کے دورے کرکے مستحق افراد کو انکی کھوئی ہوئی بینائی واپس دلانے کیلئے مفت آئی کیمپ لگارہی ہے۔

المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے زیرانتظام پاکستان اور کشمیر میں فری آئی کیمپوں کی سب سے بڑی مہم کا افتتاح صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان نے پلندری کیمپ میں کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کی انسانیت کیلئے خدمات کو سراہا اور کہاکہ انسانیت کی فلاح کیلئے المصطفیٰ جیسے اداروں کو کام کرنے کیلئے ہر ممکن مدد دینی چاہئے۔ صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان نے المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کی امدادی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے بہترین کارکردگی شیلڈ کا اعلان بھی کیا۔

چیریٹی کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے بتایا کہ فری آئی کیمپوں کی مہم ستمبر سے دسمبر تک جاری رہے گی جس میں 30 شہروں میں فری آئی کیمپ لگائے جائیں گے جہاں ضرورت مند اور مستحق مریضوں کے لئے آنکھوں کا معائنہ، ادویات، لیبارٹری ٹیسٹ بلڈ ٹیسٹ، شوگر، ہیپا ٹائٹس، ایڈز سمیت دیگر معائنہ جات، آپریشن اور لینز کی سہولیات مفت مہیا ہو گی۔ آئی کیمپوں کے دوران کورونا ایس او پیز کی سختی سے پابندی ہو گی۔

المصطفیٰ کے جاری شیڈول کے مطابق آئی کیمپ جن شہروں میں لگیں گے ان میں آزاد کشمیر میں پلندری، کوٹلی، مظفر آباد، خیبر پختونخوا میں مانسہرہ ، مردان، پشاور ، ہری پور، پنجاب میں نارنگ منڈی، چہچہ وطنی، ٹوبہ ٹیک سنگھ، اوکاڑہ، راولپنڈی، رانجھا میرا جہلم، جتوئی، کوٹ ادو، چولستان، بار موسی منڈی بہائوالدین، تلمبہ، کامونکی، چکلالہ، چنیوٹ، گوجر خان، ستیانہ فیصل آباد، بورے والا ، اڈا شیخن لالیاں، لاہور، سیالکوٹ ، کمالیہ ، رحیم یار خان سمیت دیگر شہر شامل ہیں۔

دریں اثنا المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے سرپرست اعلیٰ سابق وفاقی وزیر جناب ڈاکٹر حاجی محمد حنیف طیب صاحب نے المصطفیٰ کے رہنما انجینئر عبدالرشید ارشد کے ساتھ لاہور میں قائم المصطفیٰ آئی ہسپتال کا دورہ بھی کیا اور عملے کی کارکردگی کو سراہا جو بڑی جانفشانی سے اپنی خدمات سرانجام دے رہا ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes