پاکستان ہائی کمیشن کا عوام کو دہلیز پر نادرا سرجری کے ذریعے سہولیات فراہم کرنا لائق تحسین ہے: آکسفورڈ کمیونٹی

آکسفورڈ (اکرم عابد) اوورسیز پاکستانیز ویلفیئر کونسل (OPWC) آکسفورڈ اور آکسفورڈ مسجد کمیٹی کے باہمی تعاون سے نادرا سرجری کا انعقاد کیا گیا۔پاکستان ہائی کمیشن لندن نادرا ٹیم نے منیجر نادرا غلام قادر رزاقی کی قیادت میں محمد سفیان ،عابد حسین اور دیگر سٹاف نے معذور، عمر رسیدہ اور بچوں والی خواتین کے نادرا کارڈ پروسیس کئے۔

نادرا سرجری کے انتظامات او پی ڈبلیو سی ساؤتھ انگلینڈ کے صدر اسلم ڈوگر، صدر آکسفورڈ عمران رانا ، غلام صدیق، راجہ نواز اور آکسفورڈ مسجد کے شاہد رانا ، عارف جان و دیگر نے کئے۔ سرجری آرگنائزرز نے کمیونٹی سے نادرا سرکاری فیس کے علاوہ کوئی اضافی چارجز وصول نہیں کئے گئے۔
واضح رہے کہ آکسفورڈ کی کمیونٹی نے ایجنٹ مافیا کی لوٹ کھسوٹ سے تنگ آکر ہائی کمیشن کو تحریری شکایات بھیجی تھیں کہ نادار کارڈ کی سرکاری فیس کے علاوہ ایڈمن چارجز کی مد میں اضافی رقم وصول کر کے مشکلات کا شکار کمیونٹی سے لوٹ کھسوٹ کی جاتی ہے جس پر ہائی کمیشن نے نادرا ٹیم آکسفورڈ سٹی میں بھجوا کر کمیونٹی کو ان کی دہلیز پر نادرا سہولیات فراہم کیں۔

او پی ڈبلیو سی ساؤتھ انگلینڈ کے صدر اسلم ڈوگر، صدر آکسفورڈ عمران رانا ، غلام صدیق، راجہ نواز اور آکسفورڈ مسجد کے شاہد رانا ، عارف جان ، فیصل محمود، چوہدری ظہور اور دیگر کمیونٹی رہنماؤں کی جانب سے ہائی کمشنر معظم احمد خان، ڈپٹی ہائی کمشنر محمد ایوب، انچارج کمیونٹی افیئرز دلدار علی ابڑو، منیجر نادرا غلام قادر رزاقی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہائی کمیشن کا آکسفورڈ کمیونٹی کے معذور ، عمر رسیدہ اور بچوں سمیت خواتین کو ان کی دہلیز پر نادرا سرجری کا انعقاد کر کے سہولیات فراہم کرنا لائق تحسین ہے۔

مینیجر نادرا لندن غلام قادر رزاقی کا کہنا تھا کہ کورونا وبا سے بچاؤ کیلئے حکومتی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے کمیونٹی کو ان کی دہلیز پر ہائی کمیشن کیجانب سے نادرا سہولیات بہم پہنچانے کا تسلسل جاری ہے۔
او پی ڈبلیو سی کے رہنماؤں نے ہائی کمشنر معظم احمد خان کی تعیناتی کا خیر مقدم کیا اور توقع ظاہر کی کہ وہ اپنی تخلیقی کاوشوں سے نادرا ، پاسپورٹ ، ویزا ، کاغذات کی تصدیق اور اپائنٹمنٹس کے حوالے سے کمیونٹی کو درپیش مسائل سے ریلیف فراہم کرنے کیلئے ضروری اقدامات اٹھاتے ہوئے مثبت تبدیلیاں لائیں گے۔
آکسفورڈ لوکل کمیونٹی نے سٹی کونسل ، پولیس اور باالخصوص او پی ڈبلیو سی آکسفورڈ ٹیم اور آکسفورڈ مسجد کمیٹی کا نادرا سرجری کے انعقاد اور رضاکارانہ خدمات پر بھی شکریہ ادا کیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes