پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ اور مسئلہ کشمیر کی بھرپور ترجمانی پر لارڈ قربان حسین کیلئے ستارہ قائداعظم کا اعزاز

لندن ( عمران راجہ) برطانوی ہائوس آف لارڈز کے رکن لارڈ قربان حسین کو انکی خدمات پر حکومت پاکستان کی طرف سے ستارہ قائداعظم کا اعزاز دیا گیا ہے، یہ اعزاز انہیں پاکستان ہائی کمیشن لندن میں ہائی کمشنر معظم احمد خان نے ایک پروقار تقریب میں دیا۔

ہائی کمشنر نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری نژاد برٹش پارلیمنٹیرین لارڈ قربان حسین نے برطانیہ اور پاکستان کے باہمی تعلقات کی مضبوطی کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں، ہائوس آف لارڈز میں انہوں نے جس طرح کشمیر کا مقدمہ پیش کیا اور ساتھی پارلیمنٹیرینز کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جبرواستبداد بار آگاہی دی اس پر حکومت پاکستان اور پوری قوم انکی شکرگذار ہے، ستارہ قائد اعظم انہی خدمات کے بدلے انہیں پیش کیا جارہا ہے۔

اس موقع پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لارڈ قربان حسین نے اس اعزاز پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور پاک برطانیہ تعلقات کیلئے اپنے کردار کو ادا کرتے رہنے کا عہد کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری ہونے کے ناتے برطانوی پارلیمنٹ میں اس ایشو کو اجاگر کرنا ان کی زندگی کا مقصد ہے اور جب تک کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت نہیں مل جاتا انکی یہ جدوجہد جاری رہے گی۔ انکا کہنا تھا کہ جموں کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کو انہوں نے ناصرف برٹش پارلیمنٹ بلکہ دنیا کے پر فورم پر پہنچایا ہے اور آئیندہ بھی پہنچاتے رہیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے ہائی کمشنر کا بھی شکریہ ادا کیا کہ کورونا پابندیوں کے باوجود تمام احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے جس طرح انکے کیلئے یہ تقریب منعقد کی گئی اس پر وہ انکے ممنون ہیں۔

واضع رہے اس سال صدر پاکستان نے چار برٹش پاکستانی و کشمیری پارلیمنٹیرینز کو انکی خدمات پر ستارہ قائداعظم دینے کا اعلان کیا تھا جن میں رحمٰن چشتی ایم پی، یاسمین قریشی ایم پی، بیرونس سعیدہ وارثی اور لارڈ قربان حسین شامل تھے۔

50% LikesVS
50% Dislikes