لوٹن بارو کونسل میں لیبر کونسلر ماریہ لوول کو میئر اور کونسلر سمیرا خورشید کو ڈپٹی میئر چن لیا گیا

لوٹن (شیراز خان) کورونا وبا کے دوران لوٹن بارو کونسل کے ایک آن لائین اجلاس میں لیبر کونسلر ماریہ لوول کو میئر اور کونسلر سمیرا خورشید کو ڈپٹی میئر چن لیا گیا۔
کونسلر لوول پہلے اسٹینڈنگ ڈپٹی میئر تھیں۔ کونسلر طاہر ملک جواس سال کیلئے میئر تھے، کوکوویڈ 19کے رولز کی خلاف ورزی کے باعث عہدے سےمستعفی ہونا پڑا تھا اورمیئر کا عہدہ خالی تھا، اس تبدیلی کے بعد لوٹن کونسل کی حکمران لیبر پارٹی نے ڈپٹی میئر کونسلر ماریہ لوول کو میئر اور کونسلر سمیراخورشید کو ڈپٹی میئر کے طور پر چن لیا گیا۔

نئی ڈپٹی میئر سمیرا خورشید نے یہ عہدہ ملنے پر مسرت کا اظہار کیا۔ وہ مئی 2019 کےلوکل انتخابات میں پہلی بارسینٹ وارڈ سے کونسلر منتخب ہوئی تھیں۔
میئر کا آبائی تعلق گھانا اور ڈپٹی میئر کا آزاد کشمیر کے ایک تعلیم یافتہ اور معزز گھرانے سے ہے۔ خواتین کو ان عہدوں پر فائز کیا جانا ایک حوصلہ افزا امر ہے، دونوں خواتین سیاسی طور پر متحرک چلی آرہی ہیں، اپنے پچھلے رول میں کونسلر ماریہ نے مارچ میں ٹاؤن ہال میں خواتین کے بین الاقوامی دن کا جشن منانے کیلئے لوٹن ویمن نیٹ ورک ا آغاز کیا تھا اور گذشتہ ستمبر میں معمر افراد کے دن کو منانے کے لئے سہ پہر کی چائے کی میزبانی بھی کی تھی۔

لوٹن کی نومنتخب میئر کونسلر ماریا تین دہائیوں سے زیادہ عرصے سے لوٹن میں مقیم ہیں اور اس قصبے کے افریقی ثقافتی ورثے کی حمایت اور فروغ کے لئے اور لوٹن اور گھانا کے مابین معاشرتی ہم آہنگی اور فروغ دینے کے لئے انہوں نے ثقافتی تقریبات اور نمائشوں کے ذریعے انتھک محنت کی ہے۔
کونسلر ماریا نے گھانا کے ثقافتی ورثے کو فروغ دینے اور اس کی نمائش کے لئے 2006 میں گھانا سوسائٹی کی بنیاد رکھی تھی جس سے یہ سوسائٹی پہلا گروہ بن گئی تھی جس نے لوٹن بین الاقوامی کارنیوال میں روایتی افریقی کلچر کا مظاہرہ کیا۔

نومنتخب میئر نے مختلف رفاعی اداروں جیسے مرسی شپس، بریسٹ کینسر ، پروسٹریٹ کینسر اور ورلڈ چائلڈ کینسر کی مدد کی ہے تاکہ وہ اپنے مقصد کے لئے فنڈز اکٹھے کرسکیں۔
انہوں نے برطانیہ کی اقلیتی برادری کے کاروباروں کو فروغ دینے کے لیے بھی جدوجہد کی۔
میئر کا عہدہ سنبھالنے کے موقع پر کونسلر ماریہ نے کہا کہ انہیں لوٹن کے میئر کی حیثیت سے اس نئے رول میں قدم رکھنے پر بڑا فخر ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اپنے شہر کے مستقبل کو آگے بڑھانے کے لئے مختلف کمیونٹیز کے اتحاد کو فروغ دیا جائے اور کمیونٹی کوہیژن پروموٹ کیا جائے۔

50% LikesVS
50% Dislikes