پاکستان عالمی سطح پر بڑی اہمیت اختیار کرچکا، سافٹ امیج کی بہتری میں صحافیوں کا کردار اہم ہے

برسلز (کشمیر لنک نیوز) سفارت خانہ پاکستان برسلز میں حال ہی میں متعین پریس قونصلر داؤد احتشام نے بیلجئیم میں پاکستانی صحافیوں کے اعزاز میں ایک مقامی ریستوران میں ظہرانہ دیا۔ سفیر پاکستان ظہیر اسلم جنجوعہ مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ پاکستا ن اس وقت عالمی سطح پر بڑی اہمیت اختیار کر چکا ہے اور اس کےسافٹ امیج کو مزید بہتر اور اجاگر کرنے کے لئے صحافیوں کا کردار انتہائی اہم ہے، انہوں نے کہا کہ بیلجیئم میں مقیم پاکستانی کمیونٹی پاکستانیت کے فروغ کے لئے جس طرح کوشاں ہے وہ قابل تعریف ہے۔

سفیر پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ برسلز سیاسی اور سماجی حوالے سے یورپ کا مرکزی شہر ہے اور خاص طور پر یورپی پارلیمنٹ اور نیٹو ہیڈکواٹر نے اس شہر کو اور بھی زیادہ اہم بنا دیا ہے اور اس تناظر میں پاکستانی صحافیوں کی ذمہ داریاں اور بھی بڑھ جاتی ہیں ۔عالمی وبا کورونا وائرس کے حوالے سے سفیر پاکستان نے کہا کہ اب دنیا کو کورونا کے ساتھ ہی گزارا کرنا ہو گا اور اس سلسلہ میں میڈیا اپنا رول ادا کرتے ہوئے کمیونٹی کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کے لئے رہنمائی فراہم کرے۔

پریس قونصلر داؤد احتشام نے صحافی برادری کی پاکستان کےلیے مثبت کاوشوں کو سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ ہمیں اپنے ملک کی ترقی وخوشحالی میں بڑھ چڑھ کر کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے پاکستانی صحافیوں کی کارکردگی پر اعتماد اور اطمینان کا اظہار کیا اور ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا۔ظہرانے میں مقامی صحافیوں شاہد فاروقی، عمران بیگ، عظیم ڈار، رشید احمد، حافظ شفیق الرحمان، ملک مغیث، ندیم بٹ، حافظ انیب راشد، اختر سیالوی،مسعود ملک، عمران ثاقب اور مزمل اللہ مان نے شرکت کی۔

50% LikesVS
50% Dislikes