ارب پتی برٹش مسلم بھائیوں نے سپر مارکیٹ چین ’’ایزڈا‘‘ کو پونے سات ارب میں خرید لیا

لندن (عدیل خان) ارب پتی بھائیوں نے برطانیہ کی بڑی مارکیٹ چینز ’’ایزڈا‘‘ کو خرید لیا، محسن اور زبیر عیسیٰ برطانیہ کی بڑی مارکیٹ چینز میں سے ایک ’ایزڈا‘ کو تقریباً سات ارب میں خریدنے والے ارب پتی بھائی ہیں۔ برطانیہ میں پیٹرول اسٹیشنز کے کاروبار سے پیسہ بنانے والے ارب پتی بھائیوں نے برطانیہ کی سب سے بڑی مارکیٹ چینز میں سے ایک ایزڈا کو چھ اعشاریہ آٹھ ارب پاؤنڈ میں خرید لیا ہے۔ انھوں نے ایزڈا کو اس کے امریکی مالک وال مارٹ کمپنی سے خریدا ہے۔ دی سنڈے ٹائمز کے مطابق ان بھائیوں کی جائیداد کی کل مالیت 3 اعشاریہ 56ارب پاؤنڈ ہے۔ عیسیٰ برادران ʼیورو گیراجزʼ نامی کمپنی کے مالک ہیں جس کے 5 ہزار 200 سے زیادہ پیٹرول اسٹیشنز اور 33ہزار سے زیادہ ملازمین ہیں۔

ان پیٹرول اسٹیشنز میں سے زیادہ تر یورپ اور امریکہ میں ہیں۔ پیٹرول اسٹیشنز کے علاوہ ان کی کمپنی دیگر کاروبار بھی کرتی ہے۔ یورو گیراجز کا 50 فیصد دونوں بھائیوں کا اور باقی کے 50فیصد کی مالک کمپنی ٹی ڈی آر کیپٹل ہے۔ اسی کمپنی کے ساتھ مل کر انھوں نے برطانیہ کی تیسری بڑی مارکیٹ ایزڈا کا سودا کیا ہے۔ اس سودے کے ساتھ ہی ایزڈا مارکیٹ امریکی سے برطانوی ملکیت میں آگئی ہے اور اس وجہ سے اس ڈیل اور بھائیوں کو سراہا جا رہا ہے۔

ابھی امریکی کمپنی وال مارٹ کے ساتھ اس معاہدے کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔ انھیں ارب پتی ہونے کے باوجود بلیک برن سے ہجرت نہ کرنے کی وجہ سے بھی سراہا جاتا ہے۔ ارب پتی بھائی محسن اور زبیر عیسیٰ کون ہیں؟ زبیر اور محسن عیسیٰ کی عمریں بالترتیب 48 اور 49 سال ہیں۔ ان کے خاندان کا تعلق انڈیا کی ریاست گجرات سے ہے جو 1960 کی دہائی میں نقل مکانی کر کے برطانیہ میں آباد ہوا تھا۔ دونوں بھائی انگلینڈ کے شہر بلیک برن میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد ٹیکسٹائل انڈسٹری میں کام کرتے تھے اور بعد میں انھوں نے ایک پیٹرول اسٹیشن خریدا لیکن پھر جلد ہی اسے بیچ دیا۔ دونوں بھائیوں نے ارادہ کیا کہ وہ پیٹرول اسٹیشنز کا اپنا کاروبار کھولیں گے جہاں صرف پیٹرول ہی نہیں بلکہ ساتھ چھوٹی مارکیٹ بھی ہوگی۔

انھوں نے 2001 میں پیٹرول سٹیشنوں کے کاروبار میں قدم رکھا اور مانچسٹر کے قریبی قصبے بری میں ایک خستہ حال پیٹرول پمپ خریدا اور اپنے خاندان سے ڈیڑھ لاکھ پاؤنڈ ادھار پکڑ کر اسے بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ اس میں نیوز ایجنٹ اور پرچون کی دکان کا اضافہ کیا۔ ایک مصروف شاہراہ پر ہونے کی وجہ سے ان کا پٹرول اسٹیشن کامیاب رہا۔ یورو گیراجز نامی کمپنی آج 5 ہزار 200 سے زیادہ پیٹرول اسٹیشنز کی مالک ہے جہاں 33 ہزار سے زیادہ افراد ملازم ہیں۔ ان کے پیٹرول اسٹیشنز میں سے زیادہ تر یورپ اور امریکہ میں ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes