کورونا لاک ڈائون میں پلینٹ مرسی کی ضرورت مندوں کیلئے خدمات قابل ستائش ہیں؛ کمیونٹی رہنما

اولڈہم (محمد فیاض بشیر) برطانیہ میں بسنے والی پاکستانی و کشمیری کمیونٹی نیک کاموں اور معاشرے کے ضرورت مند افراد کی خدمت میں مثالی کردار ادا کر رہی ہے۔ پلینٹ مرسی یوکے نے کورونا وائرس کی وجہ سے مشکل ترین حالات سے گزر تے پناہ گزینوں اور دیگر ضرورت مند افراد کے لیے ہفتہ وار روزمرہ زندگی کی اشیائے ضروریہ رضاکاروں کے توسط سے ان تک پہنچا رہی ہے۔

مدینہ ہب اینڈ کمیونٹی سنٹر کے چئیرمن ارشد محمود کا کہنا ہے کہ مارچ کے وسط جب سے کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن ہوا ہم کمیونٹی کے ضرورت مند افراد کو باقاعدگی سے فوڈ پارسل فراہم کر رہے ہیں ۔ ان کا مذید کہنا تھا کہ ہم گریٹر مانچسٹر کے مختلف شہروں میں اب تک دو ہزار سے زائد فوڈ پارسل تقسیم کر چکے ہیں یہ سب رضاکاروں اور کمیونٹی کی مالی معاونت سے ممکن ہوا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کے برطانیہ میں کوآرڈینیٹر راجہ مقصود حسین کاکڑوی کا کہنا تھا خوشی اور اطمینان کی بات ہے کہ پلینٹ مرسی والے بے گھر اور ضرورت مند افراد کو کھانے پینے کی اشیاء کے ساتھ پکا ہوا کھانا بھی فراہم کررہے ہیں اور ساتھ ہی ساتھ انکی مالی مدد بھی کررہے ہیں۔
ان کا مذید کہنا تھا کہ ایسے نوجوان ہمارے لیے مشعل راہ ہیں میں دیگر نوجوانوں سے بھی کہوں گا کہ وہ ان کے ساتھ ہاتھ بٹائیں کیونکہ سخاوت کے کام کرنے پر اللہ تعالیٰ بھی خوش ہوتا ہے۔

پلانٹ مرسی میں رضاکارانہ خدمات انجام دینے والے مجتبیٰ کا کہنا تھا کہ ہم ہفتہ وار ضرورت مند افراد کو روز مرہ زندگی کی اشیاء فراہم کرتے ہیں رضاکارانہ خدمات انجام دینے پر وہ رب العالمین کے شکر گزار ہیں کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ اس نے ہمیں اپنی مخلوق کی خدمت کیلئے چنا۔

50% LikesVS
50% Dislikes