پاکستان اور برطانیہ میں بہترین تعلقات استوار کرنے پر رحمان چشتی ایم پی کیلئے ستارہ قائداعظم کا اعزاز

لندن (اکرم عابد) پاکستان ہائی کمیشن لندن میں پاکستانی نژاد برٹش پارلیمنٹیرین رحمان چشتی ایم پی کو انکی خدمات کے صلے میں ستارہ قائد اعظم سے نوازا گیا۔ ہائی کمیشن میں منعقدہ سادہ اور پروقار تقریب میں پاکستان ہائی کمشنر معظم احمد خان نے یہ اعزاز رحمان چشتی کو دیا۔

اس موقع پر رحمان چشتی ایم پی کی پاکستان کیلئے خدمات کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔
صدر پاکستان کیطرف سے اعلان کردہ یہ ستارہ قائداعظم ایوارڈ رحمان چشتی کو پاکستان اور برطانیہ کے مابین بہترین معاشی تعلقات استوار کرنے کے صلے میں دیا گیا۔
رحمان چشتی نے وزیر اعظم برطانیہ کے خصوصی ایلچی برائے تجارتی امور کے طور پر ناصرف جی ایس پی پلس کے حصول کیلئے گرانقدر خدمات انجام دیں بلکہ پاکستان کیلئے برٹش ایئرویز کی پروازوں کی بحالی کیلئے کلیدی کردار ادا کیا۔ رحمان چشتی ایم پی نے جو خود بھی کشمیری ہیں برٹش پارلیمنٹ میں مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا اور بھارت کے دوغلے چہرے کو آشکار کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔

اس موقع پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے رحمان چشتی ایم پی کا کہنا تھا کہ وہ پاک برطانیہ تعلقات کی مضبوطی کیلیئے اپنا کردار ادا کرتے رہینگے، انکا کہنا تھا کہ دونوں ممالک میں بریگزٹ کے بعد تجارتی تعلقات کے بے پناہ مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھانے میں کوئی کسر روا نہ رکھی جائے گی۔

رحمان چشتی ایم پی نے برطانوی ارکان پارلیمنٹ کے دورہ جموں و کشمیر کے انتظامات کرنے پر بھی حکومت پاکستان اور پاکستان ہائی کمیشن کا شکریہ ادا کیا، جس کے نتیجے میں انہیں لائن آف کنٹرول پر بھارتی شیلنگ سے متاثرہ افراد کی حالت زار سے آگاہ ہونے کا موقع ملا۔ انہوں نے اس بات پر افسوس ظاہر کیا کہ بھارتی حکومت نے سرحد پار دورہ کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔

واضح رہے کہ رحمٰن چشتی برطانیہ کی حکمران کنزرویٹیو پارٹی کے ایک متحرک رکن ہیں جبکہ وہ 2010 سے منتخب رکن پارلیمنٹ ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes