سفارتخانہ پاکستان ویانا میں تقریب،دیوان افضال اورحسین تبسم کوکوویڈ 19 کیلئے تعاون پراسناد پیش

ویانا(کشمیر لنک رپورٹ)ویانا میں پاکستان کے سفیر آفتاب احمد کھوکھر نے کہا ہے کہ پاکستانی ڈائسپورہ پاکستان کے لئے طاقت کا ایک ذریعہ ہے اور قومی معاشی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔سفارتخانہ پاکستان ویانامیں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی طرف سے پاکستانی کمیونٹی کے دیوان محمد افضال اور محمد حسین خان تبسم کو کوویڈ 19 کے دوران امدادی کوششوں میں تعاون پر سفیر آفتاب احمد کھوکھر نے اسناد پیش کیں۔ یہ اسناد وزیر خارجہ پاکستان کے آنرز لسٹ کے حصے کے طور پر دی گئیں جس کا مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمات اور شراکت کا اعتراف کرنا ہے۔

اس موقع پر سفیر آفتاب احمد کھوکھر نے حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی حمایت میں آواز اٹھانے پر پاکستانی کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کاز پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مرکز ہے اور پاکستان کشمیری عوام کو ہر طرح کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی مدد فراہم کرتا رہے گا۔ اس سلسلے میں انہوں نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے نقطہ نظر کو وسعت دینے میں میڈیا کے اہم کردار کو بھی تسلیم کیا۔

اے پی پی سی آسٹریا کے اکرم باجوہ اور غلام حسین نقوی کو بھی پاکستانی کمیونٹی کی خدمات پرخراج تحسین پیش کیا گیا۔ سفیر پاکستان آفتاب احمد کھوکھرنے پاکستان کی بیرون ملک مقیم کمیونٹیز کی فلاح و بہبود کے مختلف اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کا حوالہ دیا جو اوورسیز پاکستانیوں کو وسیع پیمانے پر بینکاری کی خدمات پیش کرے گا تاکہ وہ ملک کی معاشی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے سکیں۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کا تقریب میں شرکت کرنے پرشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی کے لیے پاکستانی سفارت خانہ کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں، آپ جب چاہیں آئیں پاکستان سفارت خانہ آپ کا اپنا ہے۔تقریب کا آغاز علامہ حافظ عبد الحفیظ الازہری کی تلاوتِ قرآن پاک سے کیا گیا،ڈپٹی ہیڈ آف مشن عامر سعید نے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض ادا کئےاور پاکستانی کمیونٹی کا تقریب میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes