انگلینڈ ٹور پریکٹس؛ دوسرے مرحلے میں گرین شرٹس کا ڈربی میں ڈیرہ – Kashmir Link London

انگلینڈ ٹور پریکٹس؛ دوسرے مرحلے میں گرین شرٹس کا ڈربی میں ڈیرہ

ڈربی (سپورٹس رپورٹر) انگلینڈ ٹور میں پریکٹس کے دوسرے مرحلے میں گرین شرٹس نے ڈربی میں ڈیرہ ڈال دیا، چودہ روزہ سیلف آئسولیشن کے بعد تمام قومی کھلاڑی وورسٹر سے ڈربی شائر پہنچ گئے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے 30 جولائی تک ٹریننگ اور پریکٹس شیڈول جاری کردیا جس کے مطابق یومیہ صبح اور دوپہر کے دو سیشنز میں مشقوں کے علاوہ دو فورڈے انٹرا اسکواڈ میچز بھی کھیلے جائیں گے۔

سیریز کے پہلے ٹیسٹ کیلئے اسکواڈ یکم اگست کو مانچسٹر روانہ ہوجائے گا۔ تفصیلات کے مطابق وورسٹر کے نیو روڈ گراؤنڈ پر سیلف آئسولیشن کے بعد گزشتہ روز گرین شرٹس نے دورے کے دوسرے مرحلے میں ڈربی شائر پہنچ کر ڈیرہ ڈال دیا جہاں تمام کھلاڑی 30 جولائی تک بائیو سیکیور ماحول میں معمول کی ٹریننگ اور نیٹ پریکٹس کے علاوہ دیگر سرمیاں جاری رکھیں گے تاکہ پانچ اگست سے اولڈ ٹریفرڈ میں شروع ہونے والی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کیلئے تیاریاں مکمل کی جا سکیں۔
چہروں پر ماسک لگائے پاکستانی کھلاڑی ڈربی شائر پہنچے تو ہشاش بشاش دکھائی دیئے جنہوں نے وینیو پر دستیاب انڈور کھیلوں کی سہولیات سے استفادہ کیا اور آپس میں ہنسی مذاق کا سلسلہ بھی جاری رہا۔گزشتہ روزپاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستانی ٹیم کی ٹریننگ اور پریکٹس کا شیڈول جاری کردیا جس کے مطابق ایک قومی کرکٹر کو ٹیلی کانفرنس کے دوران میڈیا سے گفتگو کا موقع ملے گا

پاکستانی اوپننگ بیٹسمین شان مسعود میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے

جبکہ 15اور16جولائی کو اسکواڈ میں شامل کرکٹرز صبح دس بجے اور دوپہر کو دو بجے یومیہ دو مرتبہ ڈربی شائر کاؤنٹی کلب گراؤنڈ پر شیڈول پریکٹس سیشن میں شرکت کریں گے جس کے بعد 17سے 20 جولائی تک چار روزہ انٹرا اسکواڈ میچ کھیلا جائے گا جس میں کھلاڑی دو ٹیمیں بنا کر زور بازو آزمائیں گے ۔ 21 جولائی کو گرین شرٹس کا ایک اور رکن ٹیلی کانفرنس کے دوران میڈیا سے گفتگو کیلئے دستیاب ہوگا جبکہ 22 اور 23جولائی کو بھی دن میں دو مرتبہ یعنی صبح دس بجے اور دوپہر کو دو بجے ٹریننگ اور پریکٹس کا اہتمام کیا جائے گا۔

پاکستانی ٹیم کا ایک اور رکن 28 جولائی کو بھی میڈیا سے ٹیلی کانفرنس کیلئے دستیاب ہوگا جبکہ 29 اور 30 جولائی کو صبح دس بجے اور دوپہر کو دو بجے پریکٹس سیشن کیلئے دو مرتبہ میدان میں اترنے والے قومی کھلاڑی 31جولائی کو آرام کے بعد یکم اگست کو مانچسٹر روانہ ہو جائیں گے جہاں انہیں پانچ اگست سے اولڈ ٹریفرڈ پر انگلینڈ کیخلاف پہلا ٹیسٹ کھیلنا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے پریس ریلیز کے مطابق کھلاڑیوں کی میڈیا سے گفتگو اور دیگر سرگرمیوں کی تفصیلات تصاویر سمیت موقع پر جاری کردی جائیں گی۔