پاکستانی کرکٹ ٹیم آج دو مرتبہ ٹریننگ کیلئے میدان سنبھالے گی – Kashmir Link London

پاکستانی کرکٹ ٹیم آج دو مرتبہ ٹریننگ کیلئے میدان سنبھالے گی

ڈربی( سپورٹس رپورٹ) انگلینڈ ٹور کے دوسرے مرحلے میں قومی کرکٹ ٹیم آج دو مرتبہ ٹریننگ کیلئے ڈربی شائر کاؤنٹی کا میدان سنبھالے گی اور کھلاڑی صبح دس بجے اور دوپہر کو دو بجے تین،تین گھنٹے پر مشتمل سیشنز کے دوران اپنی کارکردگی نکھارنے کی کوشش کریں گے۔

پی سی بی ترجمان کے مطابق تمام کھلاڑی بھرپور فٹ اور صحتمند ہیں جو پہلے مرحلے میں آئسولیشن کا عرصہ مکمل کرنے کے بعد پابندیوں سے بھی قدرے آزاد ہو چکے ہیں جن کو اپنے کمروں سے نکل کر نچلے فلور پر واقع ڈائننگ ہال میں ایک ساتھ لنچ اور ڈنر کرنے کا موقع مل رہا ہے جبکہ وورسٹر میں انہیں کھانا اپنے فلور پر ہی فراہم کردیا جاتا تھا۔

واضح رہے کہ بائیو سیکیور ماحول کی خاطر پاکستانی ٹیم کو گراؤنڈ سے متصل تھری اسٹار ہوٹل میں رہائش فراہم کی گئی ہے جہاں سہولیات وورسٹر کے مقابلے میں زیادہ بہتر ہیں۔ذرائع کے مطابق گرین شرٹس کو پاکستانی کھانوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع مل رہا ہے البتہ انہیں ماہر غذا کی ہدایات پر عمل کرنا پڑ رہا ہے تاکہ ان کی فٹنس پر منفی اثرات مرتب نہ ہوں۔