عوام کیلئے 33 ملین پائونڈز اکٹھے کرنے والے کیپٹن ٹام کو “سر” کا خطاب مل گیا – Kashmir Link London

عوام کیلئے 33 ملین پائونڈز اکٹھے کرنے والے کیپٹن ٹام کو “سر” کا خطاب مل گیا

لندن (عمران راجہ سے) کیپٹن ٹام مُور یوں تو اپنی زندگی کی 100 بہاریں دیکھ چکے ہیں مگر آج کا دن ان کی زندگی کا اہم ترین دن تھا جب آج ملکہ برطانیہ نے انھیں سر کا خطاب دیا۔


دوسری عالمی جنگ میں حصہ لینے والے 100 سالہ کیپٹن ٹام مُور نے جنگی محاذ پر تو جو قربانیاں دیں وہ تاریخ کا حصہ ہیں مگر عمر کے اس حصے میں انھوں نے اپنے وطن کو درپیش ایک اور چیلنج کے مقابلے کے لیے بھی ہیرو جیسا کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے مختصر ترین عرصے میں کورونا وائرس کی وبا کا مقابلہ کرنے کے لیے برطانیہ کےنیشنل ہیلتھ سسٹم کے لیے 33 ملین پاؤنڈز جمع کیے۔
اس سلسلے میں انہیں اعزاز سے نوازنے کی تقریب ونڈسر محل کے صحن میں ہوئی جس میں کیپٹن ٹام کے خاندان کے افراد بھی شریک ہوئے۔


اس تقریب سے قبل سر ٹام نے ایک ٹویٹ میں اس دن کو اپنی زندگی کا خاص ترین دن قرار دیا تھا۔
رائل فیملی نے کورونا وبا کے پیش نظر جون اور جولائی میں ہونے والی دیگر تمام تقریبات ملتوی کر دی تھیں مگر سر ٹام کی تقریب کو خاص استثنیٰ دیا گیا۔
دوسری جنگ عظیم میں شرکت کرنے اور موجودہ دور میں عوامی صحت کی سہولیات کیلئے 33 ملین پائونڈز اکٹھے کرنے والی شخصیت کیلئے ملکہ برطانیہ نے خود چل کر آنا پسند کیا اور انہیں اعزاز سے نوازا۔