دورہ انگلینڈ، کھلاڑیوں کو خصوصی کارڈ ساتھ رکھنے کی ہدایت – Kashmir Link London

دورہ انگلینڈ، کھلاڑیوں کو خصوصی کارڈ ساتھ رکھنے کی ہدایت

ڈربی(سپورٹس رپورٹر ) اظہر علی کی قیادت میں پاکستان ٹیسٹ اور بابر اعظم کی قیادت میں ٹی20 اسکواڈ کے اراکین ان دنوں انگلینڈ میں موجود ہیں۔ دورہ انگلینڈ کے دوسرے مرحلے میں ٹیم ڈربی میں موجود ہے، ووسٹر کیطرح ڈربی میں بھی کھلاڑیوں کو کہا گیا ہے کہ وہ گراؤنڈ کے واش روم کے برعکس ہوٹل میں اپنے واش روم کا استعمال کریں۔
دوسری جانب بائیو سیکیور ماحول میں انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی طرف سے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے دورے کے ایکریڈٹیشن کارڈ کے ساتھ ایک دوسرا کارڈ جاری کیا گیا ہے۔ یہ دوسرا کارڈ کریڈٹ کارڈ جتنا بڑا ہے اور کھلاڑیوں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ہر وقت اپنے ساتھ ایکریڈٹیشن کارڈ کے ہمراہ منسلک رکھیں۔

اطلاعات کے مطابق دوسرے کارڈ کا مقصد کھلاڑیوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنا ہے۔ یاد رہے پاکستان ٹیم غیر معمولی حالات میں اس وقت انگلینڈ میں موجود ہے، جہاں کورونا وائرس کے باعث ہزاروں افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔ دورے کے لیے کھلاڑیوں کے لیے جاری کیے گئے دوسرے کارڈ کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ کھلاڑیوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جائے تاکہ وہ بائیو سیکیور ماحول کی خلاف ورزی کے مرتکب نہ ہوں۔