شمیمہ بیگم کی واپسی کے حوالے سے منفی پروپیگنڈہ مفروضوں پر مبنی ہے: فیملی وکیل – Kashmir Link London

شمیمہ بیگم کی واپسی کے حوالے سے منفی پروپیگنڈہ مفروضوں پر مبنی ہے: فیملی وکیل

لندن (کشمیر لنک نیوز) مشرقی لندن سے 2015 میں شام جاکر داعش سے ملنے والی شمیمہ بیگم کے فیملی وکیل کا کہنا ہے کہ اس امر کی کوئی گارنٹی نہیں کہ شمیمہ واپس برطانیہ آکر دہشت کی علامت نہ بنے یا دوسروں کو جہاد کیلئے ویسے ہی قائل نہ کرے جیسے اسے کیا گیا۔
شمیمہ کو گذشتہ روز برطانوی کورٹ آف اپیل نے واپس آکر اپنا مقدمہ لڑنے کی اجازت دی تھی۔ کورٹ کا کہنا تھا کہ اسطرح وہ بہتر انداز میں اپنی کھوئی ہوئی برطانوی شہریت کا دفاع کرسکے گی۔
ایک روز بعد ہی شمیمہ کی برطانیہ میں مقیم وکیل کا یہ بیان سامنے آیا ہے کہ کوئی بھی اس بارے میں یقین سے نہیں کہہ سکتا کہ واپسی پر شمیمہ دہشت کی علامت یا دھمکی بن سکے گی یا نہیں۔


برطانوی آئی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں انکا کہنا تھا کہ شمیمہ کی فیملی کو کوئی فرد اسکی گارنٹی دینے کو تیار نہیں تاہم ابھی یہ سوچ صرف ایک مفروضہ ہے۔
دوسری جانب میئر آف لندن صادق خان کا بھی ایک بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے حکومت کی اس فیصلے کو ناپسندیدہ قرار دیا ہے جس میں عندیہ دیا گیا تھا کہ کورٹ آف اپیل کے فیصلے کو چیلنج کیا جائے گا۔ صادق خان کا کہنا ہے کہ ہمیں برطانوی قانون انصاف پر مکمل بھروسہ اور یقین ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب ہمارے اس ملک میں عدالتیں اور دنیا کے منصف ترین ججز موجود ہیں تو میرے خیال میں کسی بھی برطانوی شہری نے اگر یہاں یا سمندر پار کسی جرم کا ارتکاب کیا ہے تو اسے کرمنل کورٹس میں انصاف کا سامنا کرنا چاہئے اور اگرشمیمہ بیگم نے کسی جرم کا ارتکاب کیا ہے تو مجھے یقین ہے کہ جیوری اسے مجرم قرار دے گی اور انصاف کا بول بالا ہوگا۔