’اصلحان خاتون‘ نے پاک بھارت میچ کا یادگار کلپ شیئر کردیا – Kashmir Link London

’اصلحان خاتون‘ نے پاک بھارت میچ کا یادگار کلپ شیئر کردیا

کراچی (شوبز رپورٹ) شہرہ آفاق تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ میں اصلحان خاتون کا کردار ادا کرنے والی گلثوم علی نے بالی ووڈ فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ میں شامل پاک بھارت میچ کا ویڈیو کلپ شیئر کیا ہے جسے سوشل میڈیا پے بڑی پذیرائی مل رہی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی اسٹوری میں فلم میں شامل پاکستان کی بھارت کے خلاف جیت کا ایک یادگار کِلپ شیئر کیا اور ساتھ تُرک زبان میں ’محبت کی طاقت‘ لکھا ۔ گلثوم علی کی جانب سے شیئر کیا جانا والا کلپ ایشیاء کپ 2014 کے چھٹے میچ کا تھا جو پاک بھارت ٹاکرا تھا۔اس کلپ میں شاہد آفریدی بھارت کے خلاف جارحانہ انداز سے کھیلتے ہوئے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ گلثوم علی کی جانب سے شیئر کئے جانے والے کلپ میں کشمیریوں کو پاکستان کی فتح کے لیے دعائیں کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے اور پاکستان سے محبت کو دکھایا گیا ہے۔سلسلہ وار شیئر کئے گئے کِلپس میں جب شاہد آفریدی میچ جتوانے والی شارٹ کھیلتے ہیں تو کشمیری لڑکی پاکستانی فتح کا جشن مناتے ہوئے پاکستانی پرچم کو چومتی دکھائی دیتی ہے۔
اداکارہ نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’وہ امید کرتی ہیں کہ یہ فلم اچھی ہوگی۔‘ وہ ترکی کے سرکاری چینل ٹی آر ٹی ون پر یہ فلم دیکھ رہی تھیں ۔اس سے قبل انسٹاگرام پر جاری کردہ اپنے پیغام میں گلثوم علی نے پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے اپنے پاکستانی مداحوں کو ہیلو کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ کے محبت بھرے پیغامات اور کمنٹس کے لیے بہت شکریہ، آپ کی قیمتی تعریفوں نے مجھے بہت خوش کیا ہے۔‘گلثوم علی نے پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’مجھے کبھی پاکستان آنے کا موقع نہیں ملا لیکن مجھے اُمید ہے کہ اِس وبا کے ختم ہونے کے بعد میں پاکستان ضرور آؤں گی اور اپنے مداحوں سے ملاقات کروں گی۔‘اداکارہ نے مزید لکھا تھا کہ ’تب تک کے لیے آپ سب اپنا خیال رکھیں اور استنبول سے آپ سب کے لیے بہت ساری نیک تمنائیں۔‘ آخر میں اُنہوں نے پاکستان، پاکستان جیوے پاکستان بھی لکھا۔