19جولائی یوم الحاق پاکستان جموں و کشمیر کی تاریخ کا انتہائی اہم دن ہے: سید علی رضا – Kashmir Link London

19جولائی یوم الحاق پاکستان جموں و کشمیر کی تاریخ کا انتہائی اہم دن ہے: سید علی رضا

برسلز (کشمیر لنک نیوز) چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے کہا ہے کہ 19جولائی یوم الحاق پاکستان جموں و کشمیر کی تاریخ کا انتہائی اہم دن ہے۔ کنٹرول لائن کے دونوں جانب بسنے والے کشمیری ہرسال 19جولائی کو ’’یوم الحاق پاکستان‘‘ مناتے ہیں۔ 19 جولائی1947 ء کو سری نگر میں کشمیریوں کی نمائندہ تنظیم مسلم کانفرنس کے تاریخی اجلاس میں پاکستان سے الحاق کی قرارد اد پیش کی گئی ، جسے اجلاس کے تمام شرکاء نے متفقہ طور پر منظور کیا۔
کشمیریوں نے اپنی مدد کے تحت کشمیرکا کچھ حصہ آزاد کرلیا تھا جسے آزاد کشمیر کہتے ہیں۔ بھارت مسئلہ کو خود اقوام متحدہ لے گیا اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دینے کا ان سے وعدہ کیا لیکن اس پر اب تک عمل نہیں کیا۔
علی رضا سید نے کہاکہ اکتوبر1947 ء میں بھارت نے کشمیر پر قبضہ کیا تھا اور وہ اس وقت سے کشمیر میں مظالم ڈھارہا ہے۔ اب تو اس نے پچھلے پانچ اگست کو جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت بھی ختم کردی ہے اور اس وقت سے ابتک وہاں لاک ڈاؤن ہے، لوگ بنیادی سہولت اور شہری حقوق سے محروم ہیں۔ اب کرونا وائرس کی آڑ میں لوگوں کو دبایا جارہاہے۔ جبکہ دوسری طرف ان بھیانک مظالم کے باوجود کشمیری آج بھی اپنے حق خودارادیت سے دستبردار نہیں ہوئے اور پاکستان سے اپنی محبت اور گہرے رشتے کا اظہار کرتے ہوئے 19 جولائی کو یوم الحاق پاکستان مناتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان سب باتوں کو دہرانے کا مقصد تاریخ کو زندہ رکھنا ہے ورنہ کشمیریوں کا ازلی دشمن ایک دن جموں کشمیر کی تاریخ تک بدلنے کی کوشش کریگا۔ انہوں نے کہا کہ چند روز قبل جرمنی سے ممبر یورپی پارلیمنٹ کلاس بکنر سے ایک خصوصی ملاقات میں بھی میری یہی کوشش تھی کہ انہیں کشمیر سے متعلق تاریخی حقائق سے آگاہ کروں۔
سید علی رضا نے کہا کشمیری عوام بھارتی ناجائز تسلط کے خلاف اور حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔ بھارت ان پر سنگین ظلم کررہاہے۔ مرد و زن عورتیں اور بچے بھارتی مظالم کے شکار ہیں۔ لوگ ماورائے عدالت بھارتی فورسز کے ہاتھوں قتل ہورہے ہیں اور بے شمار لوگ بے جرم و خطا بھارتی جیلوں میں پابند سلاسل ہیں۔ انکا اقوام متحدہ سے ایک ہی مطالبہ ہے کہ کشمیر کے بارے میں اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرائے، خاص طور پر عالمی برادری کشمیریوں پر مظالم بند کروائے اور ان کا حق خود ارادیت دلوانے میں ان کی مدد کرے۔