مقامی سطح پر کورونا وبا کا پھیلائو روکنے کیلئے راچڈیل کونسل کے خصوصی اقدامات – Kashmir Link London

مقامی سطح پر کورونا وبا کا پھیلائو روکنے کیلئے راچڈیل کونسل کے خصوصی اقدامات

مانچسٹر (فیاض بشیر) حکومت برطانیہ جہاں مجموعی طور پر اپنی عوام کو کورونا وبا سے بچانے کی تگ و دو کررہی ہے وہیں مقامی سطح پر کیسز کے اعتبار سے انفرادی عوامل بھی اٹھائے جارہے ہیں۔
مڈلینڈز میں لیسٹر کی بگڑتی ہوئی صورتحال کی طرح جنوب مغربی انگلستان کے ٹائون راچڈیل میں بھی کورونا وائرس کا پھیلائو روکنے اور لاک ڈائون سے بچنے کیلئے مقامی طور پر نئے اقدامات متعارف کروائے گئے ہیں۔
راچڈیل میں نئے اقدامات کے تحت عام شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ دکانوں پر اپنے چہروں کو ڈھانپیں اور اور گھر کے وزٹ کو دو افراد تک محدود کر دیں۔ راچڈیل نے بلیک برن، ڈارون اور پینڈل میں متعارف کروائے گئے اقدامات کے بعد یہ قدم اٹھایا ہے۔
ٹائون کی ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ اینڈری فالون نے متنبہ کیا ہے کہ ابھی کورونا وائرس کوویڈ 19 پینڈامک کے خللاف جدوجہد ختم نہیں ہوئی اسلیئے ابھی بہت زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔


ایک مخصوص دورانیے کے جاری کردہ ڈیٹا میں دکھایا گیا ہے کہ راچڈیل میں کووڈ 19 کے 149 مصدقہ کیسز سامنے آئے اور یہ تعداد ایک لاکھ افراد سے 68 کیسز کے مساوی ہے۔ جبکہ لیسٹر میں جہاں مقامی لاک ڈائون کا نفاذ ہے، اسی دورانیے میں شرح کے مطابق ایک لاکھ افراد میں سے کورونا وائرس کے 237 مصدقہ کیسز ہیں۔
ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ کا مزید کہنا تھا گو ملک بھر میں لاک ڈائون اقدامات میں بتدریج نرمی کی جا رہی ہے لیکن ہم اپنے لوکل ڈیٹا کو دیکھتے ہیں جس کے تناظر میں ہمیں کورونا وائرس سے درپیش خطرے کے بارے میں مزید چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ٹیسٹنگ میں اضافہ کر دیا ہے، جس سے ہم نے یہ دیکھا کہ ہمیں ابھی مزید ایکشن لینے کی ضرورت ہے اور انفیکشن کی شرح کو کم سے کم کرنے کیلئے ہر ایک کو مدد کرنے کی ضرورت ہے۔