باہمی روابط کے تمام راستے کھلے رکھیں گے؛ قونصل جنرل مانچسٹر – Kashmir Link London

باہمی روابط کے تمام راستے کھلے رکھیں گے؛ قونصل جنرل مانچسٹر

مانچسٹر (محمد فیاض بشیر) پاکستانی قونصلیٹ مانچسٹر میں تعینات نئے قونصل جنرل طارق وزیر نے اپنے عہدے کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد سب سے پہلے گریٹر مانچسٹر میں صحافت کے میدان میں خدمات سرانجام دینے والے صحافیوں سے بذریعہ وڈیو لنک ایک بیٹھک کا اہتمام کیا جس میں گریٹر مانچسٹر کے صحافی برادری نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر قونصل جنرل طارق وزیر نے ماضی میں بحیثیت پاکستانی سفیر اپنی خدمات بارے آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ میٹنگ کا مقصد صحافی برادری سے تعارف اور کمیونٹی کو درپیش مسائل بارے جاننا تھا اس موقع پر انہوں نے صحافی برادری کی کمیونٹی کے لیے خدمات کا بے حد سراہا اور اس بات کا یقین دلایا کے کمیونٹی بارے جو مسائل ہمارے علم میں لائے جائیں ہم ان پر ٹھوس اقدامات اٹھاتے ہوئے حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔


ان کا کہنا تھا کہ انکے لیے سب قابل احترام ہیں اس وقت کورونا وائرس کی وجہ سے مشکل ترین حالات ہیں جوں ہی حالات سازگار ہوئے اور برطانوی حکومت نے مذید نرمی کی وہ خود چل کر کمیونٹی اور صحافی برادری کے پاس جائیں گے تاکہ ہمارے درمیان باہمی روابط مضبوط ہوں اس سے ہی مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔ان کا کہنا تھا کہ ہم باہمی روابط کے تمام راستے کھلے رکھیں گے
انہوں نے بذریعہ وڈیو لنک حصہ لینے تمام افراد کا دلی شکریہ ادا کیا۔میٹنگ کے اختتام پر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے ساتھ کورونا وائرس کی وجہ سے جان کی بازی ہارنے والے افراد کے لیے دعا بھی کی گئی۔ یاد رہے کے آنے والے دنوں میں قونصل جنرل طارق وزیر کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات سے بھی ملاقات بھی کریں گے وہ کمیونٹی کے مسائل حل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔