حجاب لوں یا نہ، میں مسلمان ہی رہوں گی؛ جینیفر گرائوٹ – Kashmir Link London

حجاب لوں یا نہ، میں مسلمان ہی رہوں گی؛ جینیفر گرائوٹ

لندن (شوبز ڈیسک) سات سال قبل اسلام قبول کرنے والی امریکی فنکارہ جینیفر گرائوٹ بھی کورونا وبا کے دوران مذہبی انتہا پسندوں کی نظر میں آگئی ہیں۔
گذشتہ روز انہوں نے عالم اسلام کو ذوالحج کے چاند کی مبارک دی اور ساتھ ہی دنیا بھر کے غربا اور مساکین کی مدد کی تلقین کرتے ہوئے اپنی چیریٹی کی طرف توجہ دلائی جو افغانستان سمیت دنیا بھر کے یتیموں کی کفالت کرتی ہے تو چند افراد نے یہ اعتراض شروع کردیا کہ آپ نے اسلام تو قبول کرلیا لیکن حجاب کیوں نہیں لیتیں؟

اسکے جواب میں انکا کہنا تھا کہ مجھے مسلمان ہوئے سات سال سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔ ہاں، اگرچہ میں بنا حجاب کے اپنی تصویر شیئر کرتی ہوں، لیکن حجاب کے بغیر بھی میں مسلمان ہوں۔
سات سال قبل اسلام قبول کرنے والی معروف امریکی گلوکارہ جینیفر گراؤٹ نے چند دن قبل اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایک طویل پوسٹ شئیر کی، جس کے ساتھ انھوں نے اپنی بغیر حجاب والی ایک تصویر بھی پوسٹ کی تھی۔
اس پوسٹ کے ذریعے انھوں نے سوشل میڈیا دباؤ کے بارے میں اپنے جذبات کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ اس بات پر بھی زور دیا کہ سر نہ ڈھانپ کر بھی وہ مسلمان ہی رہیں گی۔
یادرہے جینیفر گراؤٹ نے 2013 میں معروف ٹی وی شو ’عربز گاٹ ٹیلنٹ‘ میں شرکت کی تھی۔ انھوں نے زبان نہ جانتے ہوئے بھی عربی میں ایک گانا گایا جس کے بعد وہ عرب دنیا میں انتہائی مقبول ہوئی تھیں۔ اسی سال انھوں نے اسلام بھی قبول کر لیا تھا۔