محمد عامر کی قومی ٹیم میں شمولیت کارکردگی پر منحصر ہے؛ وقار یونس – Kashmir Link London

محمد عامر کی قومی ٹیم میں شمولیت کارکردگی پر منحصر ہے؛ وقار یونس

لندن (مسرت اقبال) قومی کرکٹ ٹیم کے بائولنگ کوچ وقار یونس نے اس امکان کا اظہار کیا ہے کہ ہوسکتا ہے محمد عامر اس پاک انگلینڈ ٹور کا حصہ نہ بن سکیں۔
پاکستانی میڈیا سے ایک آن لائن بریفنگ میں انکا کہنا تھا کہ دورۂ انگلینڈ میں فاسٹ بالر محمد عامر کی قومی ٹیم میں جگہ یقینی نہیں ہے۔ اُنہیں انگلینڈ کے خلاف کارکردگی معیار کے مطابق ہونے پر ہی کھلایا جائے گا۔
وقار یونس کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف ​قومی ٹیم کا ہر کھلاڑی ناگزیر ہے۔ محمد عامر تجربہ کار بالر ہیں اس لیے اُنہیں انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے بلایا گیا ہے۔


وقار یونس کے بقول محمد عامر وائٹ بال کرکٹ کا ہمیشہ سے حصہ رہے ہیں۔ اگر عامر کی کارکردگی بہتر ہوئی تو اُنہیں ٹیم میں کھلایا جاسکتا ہے۔
یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ محمد عامر گذشتہ سال ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائیرمنٹ کا اعلان کرچکے ہیں۔
وقار یونس کا یہ بھی کہنا تھا کہ ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی ایسا نہیں جو نظر انداز کیا جائے۔ وہ سمجھتے ہیں کہ یہ تاثر درست نہیں کہ کسی ایک کھلاڑی کی وجہ سے ٹیم چل نہیں سکتی۔
چوںکہ محمد عامر انگلینڈ کے خلاف صرف ٹی 20 میچز ہی کھیل سکیں گے اس لیے وہ ٹیسٹ ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ ان کی غیر موجودگی میں پاکستان کے پاس فاسٹ بالنگ کے شعبے میں وہاب ریاض، محمد عباس، محمد حسنین، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، سہیل خان اور عثمان شنواری ہیں۔