کشمیری تنظیموں کا 5 اگست کو دنیا بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان – Kashmir Link London

کشمیری تنظیموں کا 5 اگست کو دنیا بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان

مانچسٹر (محمد فیاض بشیر)
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جبرواستبداد کی آخری حد کو ایک سال ہونے کو ہے، اسی لیئے دنیا بھر کے کشمیریوں نے پانش اگست کو بڑے پیمانے پر یوم سیاہ منانے کا فیصلہ کیا ہے۔
جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے کہا ہے کہ تحریک حق خود ارادیت کے عہدیداران و ممبران5اگست کو برطانیہ کے تمام شہروں میں کو ہونے والے مظاہروں میں شرکت کریں گے، جبکہ تحریکی عہدیداران اسلام آباد و مظفرآباد میں بھی تقریبات میں شریک ہوں گے۔ 5اگست کے موقع پر ویڈیو کے ذریعے بین الاقوامی پارلیمانی کشمیر کانفرنس بھی منعقد کی جائے گی۔ بین الاقوامی کانفرنس سے دنیا بھر میں متحرک کشمیری رہنماء اور مقبوضہ کشمیر سے انسانی حقوق کے نمائندے بھی خطاب کریں گے۔ تحریک آزادی کشمیر کے اس نازک موڑ پر ہمیں وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان، کشمیری لیڈر شپ اور حریت کانفرنس کے لیڈران کے ہاتھ مضبوط کر کے پاکستانی حکومت کو مجبور کرنا چاہئے کہ وہ بھارت کے خلاف سفارتی مہم تیز تر کر کے عالمی سطح پر کشمیری عوام کی صلاحیتوں سے استفادہ حاصل کریں۔ ان خیالات کا اظہار جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کے چیئرمین و معروف کشمیری رہنماء راجہ نجابت حسین نے لیوٹں برطانیہ سے آئے برٹش کشمیریوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وفد میں برٹش کشمیری فورم کے رہنماء زبیر اقبال کیانی، ظفر احمد قریشی، سید تحسین گیلانی، راجہ محمد اعظم اور ملک محمد شبیر سے بریڈ فورڈ کے مقامی ریسٹورنٹ میں مسلم لیگ ن برطانیہ کے جنرل سیکرٹری راجہ ادریس کی طرف سے بلائے گئے اجلاس میں کیا۔ انہوں نے کشمیری رہنماؤں کو یقین دلایا کہ تحریکی رہنماؤں کی پہلے سے ذمہ داریاں لگا رکھی ہیں کہ وہ جہاں بھی کشمیر کے حوالے سے مظاہرہ ہو گا وہاں پر مقامی اور علاقائی عہدیداران بھرپور تعاون کریں گے۔ بھارت کے گذشتہ ایک سال کے اقدامات اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں سے عالمی برادری کو آگاہ کرنے کے لئے ممبران پارلیمنٹ اور سیاسی و سماجی رہنماؤں کو متحرک کرنے کے لئے کوششیں تیز کرنا ہوں گی۔ راجہ نجابت حسین نے وفد کو بتایا کہ اس سلسلہ میں ہم نے کونسلر یاسمین ڈار کی سربراہی میں برطانیہ کی تمام علاقائی چیئرپرسنز نائلہ شریف، کنیز اختر، آسیہ حسین، شاہدہ جرال، امجد حسین مغل، ذیشان عارف، عبد الوہاب، راجہ عارف خان اور راجہ ایوب خان اپنے اپنے نزدیکی شہروں میں مظاہروں کو کامیاب کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ بیرون ملک باصلاحیت افراد کو لابی کے علاوہ مشاورتی عمل میں شامل کرنا ہو گا۔ اس موقع پر راجہ نجابت حسین نے کہا کہ وہ خود بریڈ فورڈ میں ہونے والے مظاہرے اور دیگر تقریبات میں شریک ہوں گے جبکہ آزاد کشمیر اور پاکستان میں ہمارے ساتھی عبد الحمید لون، ایم ایل اے سحرش قمر،عبید الرحمن قریشی صدر یوتھ پارلیمنٹ، سید منظور احمد شاہ، عروج رضا صیامی، عنبرین ترک، راجہ ساجد محمود،راحت فاروق راجہ ایڈووکیٹ اور تحریک حق خود ارادیت کے دیگر معاونین بھی اس دن مظاہروں اور مختلف تقریبات میں شریک ہو کر مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کریں گے۔