مقبوضہ کشمیر میں عوام کے جان ومال کا تحفظ اقوام متحدہ کی امن فوج کرے – Kashmir Link London

مقبوضہ کشمیر میں عوام کے جان ومال کا تحفظ اقوام متحدہ کی امن فوج کرے

لندن ( کشمیر لنک نیوز) ایل او سی فائونڈیشن کی چوتھی سالگرہ کے موقع پر وٹفورڈ ٹائون ہال میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں میئر پیٹر ٹیلر نے خصوصی شرکت کی۔ مقررین میں کونسلر سردار محمد آصف خان، راجہ کالا خان، سردار شمیم خان ،چوہدری قدوس، چوہدری محمد افسر شامل تھے۔
تقریب کا اہتمام فائونڈیشن کے چیئرمین سردار شفیق احمد خان نے کیا تھا، میئر پیٹر ٹیلر نے اظہار خیال کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا کہ وہ انسانوں کی خدمت کر رہے ہیں جو کہ قابل تعریف عمل ہے ۔انہوں نے کہا یہ ہمارے لیے حوصلہ افزا بات ہے کہ ایل او سی فاونڈیشن وطن سے ہزاروں میل دور رہ کر متاثرین کنٹرول لائن کی مد د کےلئے بھر پور کر دار ادا کر رہی ہے۔
اس موقع پر میئر آف وٹفورڈ پیٹر ٹیلر نے ایل او سی فاونڈیشن چیرٹی کے چیئرمین سردار شفیق احمد خان کو بہترین کارکردگی پر وٹفورڈ کونسل کی طرف سے شیلڈ پیش کی۔ سردار شفیق احمد خان نے اپنی تقریر میں مہمان خصوصی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کونسل کی طرف سے دیا گیا ایوارڈ میرے اور چیرٹی ممبران کے لیے ایک اعزاز ہے۔
کونسلر سردار محمد آصف نے کہا کہ ہماری تمام ہمدردیاں آپ کے ساتھ ہیں ۔ ایل او سی فاونڈیشن چیرٹی سے بھرپور تعاون کریں گے، یہ رفاعی چیرٹی ہے۔ ہم سول سوسائٹی کے افراد سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ چیرٹی کے ساتھ تعاون کریں ۔سردار آصف نے حکومت پاکستان اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہےکہ وہ مقبوضہ کشمیر میں میں عوام کے جان ومال کا تحفظ کر نے کےلئے اقوام متحدہ کی امن آرمی تعینات کرے ۔ کنٹرول لائن کے ساتھ ہسپتال اور ایمبولینس سروس کا انتظام کیا جائے تاکہ فائرنگ کی زد میں آنیوالے لوگوں کو بروقت طبی امداد مل سکے ۔
اس موقع پر راجہ کالا خان ، سردار شمیم ، چوہدری محمد افسر ،چوہدری قدوس نے ایل او سی فاونڈیشن چیرٹی کے چیئرمین سردار شفیق احمد خان کی انسانی حقوق کے حوالے سے خدمات کو سراہا۔