شان اور شفقت امانت علی مل کر کیا کام کر رہے ہیں؟ – Kashmir Link London

شان اور شفقت امانت علی مل کر کیا کام کر رہے ہیں؟

لاہور(شوبز رپورٹ) پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف اداکار شان شاہد اور عالمی شہرت یافتہ گلوکار شفقت امانت علی جلد ہی ایک پراجیکٹ میں ساتھ نظر آنے والے ہیں جس کااعلان دونوں فنکاروں نےاپنے سوشل میڈیا پیغام میں کیا۔مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر شان شاہد نے شفقت امانت علی کے ہمراہ اپنے پراجیکٹ کے سیٹ کی ایک تصویر شیئر کی جس کے ساتھ اُنہوں نے اپنے مداحوں کو ایک اہم خبر سے بھی آگاہ کیا۔شان شاہد نے تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’پاکستان کے لیے فخر سے موسیقی کرنے والے شفقت امانت علی اور میں جلد ہی ساتھ آرہے ہیں۔

دوسری جانب شفقت امانت علی نے بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شان شاہد کے ساتھ اپنی ایک تصویر شیئر کی اور لکھا کہ ’میرے بہترین دوست اور پاکستان کے ایک باصلاحیت اداکار شان شاہد کے ساتھ شاندار وقت گُزار کر اور آنے والے نئے منصوبوں پر تبادلہ خیال کرکے بہت اچھا لگا۔شفقت امانت علی نے اپنے نئے پراجیکٹ کے بارے میں تھوڑی تفصیل دیتے ہوئے لکھا کہ ’گانے کو تحریر کرنے، کمپوز کرنے اور پھر اُس کو ریکارڈ کرنے کے دوران شان شاہد کے ساتھ جو وقت گُزرا وہ ایک معیاری وقت تھا۔

گلوکار نے مزید لکھا کہ ’ہمارے ساتھ رہیے کیونکہ یہ گانا بہت جلد آنے والا ہے۔ شان شاہد اور شفقت امانت علی کے اس ٹوئٹ کے بعد سے دونوں کے مداحوں کی جانب سے اُن کے نئے پراجیکٹ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جارہا ہے۔