موٹاپے کے خلاف اعلان جنگ؛ حکومت برطانیہ کا ملٹی ملین پائونڈ منصوبہ تیار – Kashmir Link London

موٹاپے کے خلاف اعلان جنگ؛ حکومت برطانیہ کا ملٹی ملین پائونڈ منصوبہ تیار

لندن (کشمیر لنک نیوز) برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے ملک میں روزانہ کی بنیاد پر بڑھتے ہوئے موٹاپے پر قابو پانے کیلئے نئی منصوبہ بندی کی ہے جس کا اعلان جلد ہی کردیا جائے گا۔
برطانوی وزیر اعظم جو کورونا وبا میں دو دفعہ مبتلا ہوکر صحت یاب ہوئے انہیں بھی انکے معالجین کا یہی کہنا تھا کہ ایسا انکے موٹاپے کی وجہ سے ہوا ہے۔
بورس جانسن جو خود بھی سائیکلنگ کے بڑے شوقین ہیں اپنے منصوبے میں اسکا اطلاق ملک میں وسیع پیمانے پر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انکی خواہش ہے کہ برطانیہ کی زیادہ سے زیادہ لوگ سائیکل استعمال کریں۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق بورس جانسن پیر کو موٹاپے کے خلاف ’بہتر صحت‘ مہم کا اعلان کریں گے، جس میں زیادہ وزن کے حامل افراد کے لیے سائیکلنگ کی حوصلہ افزائی، سائیکلنگ لینز میں مزید اضافہ اور ٹیلی ویژن پر رات 9 بجے سے قبل جنک فوڈ کے اشتہاروں پر پابندی عائد کی جائے گی۔ اس مہم پر ایک کروڑ پاؤنڈ خرچ کیے جائیں گے۔


اس سلسلے میں حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ کرونا کی وبا نے ہمیں زیادہ وزن کے فوری اور طویل مدتی خطرات کے بارے میں خبردار کیا ہے اور وزیر اعظم کا ماننا ہے کہ ہمیں اس وقت صحت مند اور زیادہ فعال رہنے کے ساتھ اپنی خوراک کو متوازن بنانے کی ضرورت ہے۔
ہم عوام سے اپیل کریں گے کہ وہ اس لمحے جائزہ لیں کہ وہ اپنی زندگی کس طرح گزار رہے ہیں اور یہ کہ وہ کیسے آسان اقدمات کے ذریعے وزن کم کرنے، صحت مند زندگی گزارنے اور نیشنل ہیلتھ سروس (این ایچ ایس) پر دباؤ کم کر سکتے ہیں۔

پبلک ہیلتھ انگلینڈ کے مطالعے کے مطابق کرونا وائرس میں مبتلا افراد میں موٹاپے سے موت کے خطرے میں 40 فیصد اضافہ ہو جاتا ہے۔
2017 کے ہیلتھ سروے کے مطابق برطانیہ میں 28.7 فیصد بالغ افراد موٹاپے کے مرض میں مبتلا ہیں اور مزید 35.6 فیصد افراد کا وزن مقررہ حد سے زیادہ ہے۔