سکاٹ لینڈ میں مسلم کنزرویٹیو فورم کا قیام، کمیونٹی کی طرف سے زبردست پذیرائی – Kashmir Link London

سکاٹ لینڈ میں مسلم کنزرویٹیو فورم کا قیام، کمیونٹی کی طرف سے زبردست پذیرائی

گلاسگو (کشمیر لنک نیوز) حکمران کنزرویٹیو پارٹی اور ایشیائی افراد میں بے شمار چیزیں آپس میں مشترک ہیں، دونوں خاندانی نظام و اقدار پر زور دیتے ہیں اور دونوں کا زیادہ تر رجحان کاروبار کی طرف ہوتا ہے۔ ماضی میں نسلی اقلیتوں کی زیادہ تر تعداد لیبر پارٹی میں شامل ہوتی رہی ہے جب کہ اب نئی نسل کے نوجوان کثیر تعداد میں کنزرویٹو پارٹی میں بھی شامل ہورہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار بیرونس نوشینہ مبارک نے کنزرویٹیو مسلم فورم سکاٹ لینڈ کے قیام کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب میں بطور مہمان خصوصی کیا۔
تقریب سے فورم کے چیئرمین رانا نوید اصغر اور وائس چیئرمین رانا راشد محمود سمیت دیگر شخصیات نے اظہار خیال کیا اور اس فورم کے قیام کو خوش آئیند قرار دیا۔


بیرونس نوشینہ کا مزید کہنا تھا کہ ب اس ملک میں رہنے والے تمام افراد برٹش ہیں۔ ہم نے یہ نہیں دیکھنا کہ ہم کہاں سے آئے ہیں، ہمارا رنگ اور نسل کیا ہے بلکہ صرف یہ کہ ہمارا مستقبل اور منزل ایک ہے، ہم سب نے مل جل کر یوکے کو مضبوط بنانا اور ترقی دینی ہے۔


کنزرویٹو مسلم فورم کے چیئرمین رانا نوید اصغر نے کہا کہ اسلام اسکاٹ لینڈ کا دوسرا بڑا مذہب ہے اور یہاں کئی ممالک خصوصاً پاکستان سے آئے ہوئے مسلمان رہتے ہیں اور ان کی ایک بڑی تعداد کنزرویٹو پارٹی میں بھی شامل ہے۔ ان کے کئی مسائل بھی ہیں جن کو اقتدار کے ایوانوں اور پارٹی میں اعلیٰ ترین سطح پر پہنچانے کے لیے کنزرویٹو مسلم فورم کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ اس کے قیام کے لیے نئی نسل کی طرف سے ہمیں توقع سے زیادہ کامیابی ملی ہے،میں مزید افراد سے بھی درخواست کرتا ہوں کہ آگے بڑھ کر ہمارا ساتھ دیں۔
وائس چیئرمین رانا راشد محمود نے کہا کہ کسی زمانے میں مزدور طبقہ زیادہ تر لیبر پارٹی میں شامل تھا، لیکن اب کنزرویٹو پارٹی لیبرکلاس میں بھی نہایت مقبول ہے، کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ اسی پارٹی کی کامیاب کاروباری پالیسیاں ملک کو دوبارہ عروج پر لا سکتی ہیں۔ نئی ملازمتیں پیدا کرسکتی ہیں۔


فورم کے جنرل سیکرٹری رانا نویدمنج نے کہا کہ کورونا کے بحران کے دوران کنزرویٹو پارٹی نے جس طرح اربوں پونڈ خرچ کرکے ملازمتوں کو تحفظ دیا ہے اس سے یہاں رہنے والے ہر فرد کو چاہے اس کا تعلق کسی بھی کمیونٹی یا طبقے سے ہے، فائدہ پہنچا ہے، کنزرویٹو مسلم فورم کے قیام کے مقاصد میں شامل ہے کہ ہم مزید تندہی کے ساتھ کام کریں۔