اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے فوکل پرسن پنجاب تعینات کیا گیا: چوہدری آفتاب – Kashmir Link London

اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے فوکل پرسن پنجاب تعینات کیا گیا: چوہدری آفتاب

لندن (عمران راجہ) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے برطانیہ میں فوکل پرسن چوہدری آفتاب احمد کے اعزاز میں لندن کے علاقے الفریڈ میں چوہدری سیف اللہ پریزیڈنٹ پی ٹی ای ایسٹ انگلینڈ کی جانب سے ایک عشائیے کا اہتمام کیا گیا. جس میں مدثر شیخ جنرل سیکرٹری پی ٹی ای ایسٹ انگلینڈ، عاطف میو، جمشید احمد، ندیم رندھاوا اور چوہدری شبیر نے شرکت کی اور مہمان خصوصی کی تعیناتی کا خیر مقدم کیا۔


میزبان چوہدری سیف اللہ نے معزز مہمان کا گرم جوشی سےاستقبال کیا اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا. چوہدری آفتاب احمد کا تعلق پی ٹی آئی ایسٹ آف انگلینڈ سے ہے اور وہ حال ہی میں چیف منسٹر پنجاب عثمان بزدار کے فوکل پرسن اوورسیز کمپلین سیل تعینات ہوئے ہیں۔
عشائیہ میں پی ٹی آئی اور پنجاب حکومت کی دوسالہ کارکردگی اور وزیر اعلی پنجاب کے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کو بھی زیر بحث لایا گیا اور میڈیا کے سوالات کے جواب بھی دیے گئے۔
چوہدری آفتاب احمد کا کہنا تھا کے وزیر اعلی پنجاب بہت جلدی ایسے پروگرام لے کر آرہے ہیں جن سے خوشحالی نچلے طبقے تک جائے گی جن میں ہیلتھ کے منصوبے ایجوکیشن کا نظام ٹرانسپورٹ اور دوسرے منصوبے شامل ہیں۔
چوہدری آفتاب کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی کارکردگی سب کے سامنے ہے، وزیر اعلیٰ کہیں نہیں جارہے وہ عمران خان کے وژن کو بہترین انداز میں آگے بڑھارہے ہیں، انکے جانے کے خواب وہی لوگ دیکھتے ہیں جو خود اس پوزیشن کے امیدوار تھے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے محدود وسائل کے باوجود بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، انہیں کپتان نے خود چنا ہے اسلیئے وہ انکی مرضی کے بغیر نہیں جاسکتے، پنجاب سے تعلق رکھنے والے اوورسیز پاکستانیوں کے وطن عزیز میں مسائل کے حل اور خدمت کیلئے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے مجھے برطانیہ میں فوکل پرسن منتخب کیا ہے تاکہ میں عوام اور وزیر اعلیٰ کے درمیان پل کا کردار ادا کرسکوں۔
چوہدری آفتاب کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب چونکہ اوورسیز میں اتنے نہیں جانے جاتے تھے اسلیئے انہوں نے مجھے فوکل پرسن تعینات کیا تاکہ بیرون ممالک میں رہنے والے پنجاب کے باشندوں کو انکی دہلیز پر انصاف مل سکے۔

اس موقع پر انہوں نے اس طریقہ کار کی وضاحت کی جسکے تحت وہ اوورسیز پاکستانیوں کی خدمت کرسکیں گے، انکا کہنا تھا کہ وہ خود بھی برطانوی شہری ہیں اور لندن میں رہتے ہیں وہ اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کا جائزہ لیں گے ان کو حل کرنے کے حوالے سے وزیر اعلی پنجاب کو ماہانہ بنیادوں پر اپنی رپورٹ ارسال کیا کریں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وہ بطور فوکل پرسن اورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل پر اپنی سفارشات اور تجاویز بھی وزیر اعلیٰ سیکریٹیریٹ میں بھجوائیں گے۔
انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی متعارف کردہ شکائیت ایپ کی بھی تعریف کی اور کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو اسے دائونلوڈ کرکے اس سے ضرور مستفید ہونا چاہیئے، یہاں درج ہونے والی شکائت سیدھی ہائیر اتھارٹیز تک جاتی ہے اور اس پر ضرور ایکشن لیا جاتا ہے۔
اس موقع پر میزبان چوہدری سیف اللہ کا کہنا تھا کے یہ بڑے فخر کی بات ہے کہ ان کی ٹیم میں سے ایک ممبر کو وزیر اعلی پنجاب کا فوکل پرسن تعینات کیا گیا ہے اوراس سے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل میں کافی مدد ملے گی۔