کووڈ 19؛ اولڈہم ایک دفعہ پھر خطرات کے سائے میں، عوام کو احتیاط کی تنبیہ – Kashmir Link London

کووڈ 19؛ اولڈہم ایک دفعہ پھر خطرات کے سائے میں، عوام کو احتیاط کی تنبیہ

اولڈہم (محمد فیاض بشیر) گریٹر مانچسٹر کے اولڈہم ٹاؤن میں پچھلے ایک ہفتہ کے دوران کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے والے افراد کی تعداد سو سے زائد ہونے کے باعث مقامی کونسل نے سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت برطانیہ نے مجموعی چیک کے علاوہ کونسلز کو بھی مقامی طور پر اپنے اپنے علاقے میں کورونا وبا بارے مکمل تفصیلات رکھنے کا حکم دے رکھا ہے، اسکی روشنی میں پتہ چلا کہ اولڈہم میں لاک ڈائون نرمی کے بعد ایک بار پھر اس وبا کا زور دیکھنے کو آرہا ہے۔

اولڈہم کے بوڑھے اور بے سہارا افراد کو تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ پہلے کی طرح گھر کے افراد سے رابطے کے علاوہ کسی سے بھی میل ملاقات نہ کریں اور اگر گھر کے باہر کسی سے ملاقات ہو تو دو میٹر فاصلہ کے ساتھ فیس ماسک کا استعمال کریں۔
ڈپٹی لیڈر اور کوڈ وائرس کونسل کی ترجمان کونسلرعروج شاہ کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کا سب سے بہتر طریقہ یہ ہے کے سماجی روابط کا سلسلہ اگلے دو ہفتوں کے لیے بند کرنے کے ساتھ ایک دوسرے کے ساتھ گلے ملنے سے اجتناب دو میٹر کے سماجی فیصلے پر عمل اور ایک دوسرے سے ہاتھ نہ ملایا جائے۔

یاد رہے برطانوی حکومت نے چار دن پہلے ہی اولڈہم کو کڑی نظر رکھنے والے شہروں کی فہرست سے نکالا تھا تازہ ترین صورتحال کمیونٹی اور ذمہ داران کے لیے باعث تشویش ہے۔