الفیض ٹرسٹ کو نیا کمیونٹی سنٹر بنانے کی اجازت؛ مقامی رہنمائوں کی مبارکباد – Kashmir Link London

الفیض ٹرسٹ کو نیا کمیونٹی سنٹر بنانے کی اجازت؛ مقامی رہنمائوں کی مبارکباد

بریڈفورڈ (کشمیر لنک نیوز) ایسے تاریخی کارنامے انسان کی بس کی بات نہیں یہ بس اللہ کا کرم ہوتا ہے جس پر ہوجائے، گرینمین جیسی معروف جگہ مسلمانوں کی عبادت گاہ کیلئے استعمال ہونا یقینی طور پر انتہا پسند جماعت کیلئے تکلیف دہ بات تھی لیکن برطانیہ ایک انصاف پسند ملک ہے اسلیئے ہمیں ہر جگی نیک نیتی کی جزا ملتی گئی اور اب کونسل سے منظوری کے بعد جلد ہی اسے کمیونٹی سنٹر اور علمی درسگاہ میں بدل دیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار الفیض ٹرسٹ کے روح رواں علامہ سجاد رضوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انکا کہنا تھا کہ دی گرین مین پب بریڈ فورڈ کے انتہائی قدیم ثقافتی مقامات میں سے ایک ہے۔ 1790ء کی دہائی میں یہ عمارت تعمیر کی گئی اور اس نے دو صدیوں سے زائد عرصہ کی بہاریں دیکھی ہیں،

الفیض ٹرسٹ یوکے نے اسے خریدکر اسلامک ایجوکیشن اور کمیونٹی سینٹر کے استعمال کے لیے بریڈ فورڈ کونسل سے پلاننگ منظور کروالی ہے۔
بریڈ فورڈ کونسل نے ایجوکیشن، کمیونٹی سینٹر اور عبادت گاہ کے طور پر اس کی منظوری دی ہے جس سے نہ صرف اسلام کی خدمت ہوگی بلکہ دیگر مذاہب اور کمیونٹیز کے افراد کو بھی ایک جگہ مل بیٹھنے کا موقع ملے گا اور معاشرتی خلا کو کم سے کم کرکے افراد کے باہمی میل جول بڑھانے میں مدد ملے گی۔
چیئرمین الفیض ٹرسٹ علامہ محمد سجاد رضوی جو طویل عرصے سے برطانیہ میں دینی خدمات سرانجام دے رہے ہیں کا کہنا تھا کہ یہ صرف رب کریم کا فضل ہے اسکا جتنا بھی شکر ادا کیا جائے کم ہے۔ س تاریخی مقام کو ایجوکیشن سینٹر میں تبدیل کرنا نہ صرف مسلم کمیونٹی بلکہ تمام بریڈ فورڈ کے لیے فلاحی منصوبے کا آغاز ہے جہاں اسلامی تعلیم کے ساتھ ساتھ حقوق انسانیت، فلاح معاشرہ اورنو جوان نسل کی مثبت سرگرمیوں کے لیے کام کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مقامی مسلم کمیونٹی بھی اس کامیابی پر بہت خوش ہے اور مبارکبادوں کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے۔ الفیض ایجوکیشن اینڈ کمیونٹی سنٹر دیکھنے اور مبارکباد پیش کرنے کیلئے سابق لارڈ میئر بریڈفورڈ راجہ محمد غضنفر کونسلر محمد شفیق وائس پریذیڈنٹ مدنی جامع مسجد بریڈفورڈ حاجی محمد بشیر حاجی محمد رفیق اور اہل سنت و جماعت کے معروف مدرس و محقق علامہ مفتی محمد اسلم بندیالوی سمیت متعدد شخصیات نے اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔