برطانیہ؛ کورونا کیسز میں اضافے کے سبب لاک ڈائون نرمی 14 روز کیلئے موخر – Kashmir Link London

برطانیہ؛ کورونا کیسز میں اضافے کے سبب لاک ڈائون نرمی 14 روز کیلئے موخر

لندن( کشمیر لنک نیوز) کورونا وبا کے دوبارہ پھیلنے کی وجہ سے برطانیہ بھر میں یکم اگست سے لاک ڈائون کی بعض پابندیاں دوبارہ سے لاگو کردی گئی ہیں جن میں تیس افراد پر مستمل شادیاں اور کسینوز وغیرہ شامل ہیں جہاں عوام کا جمگھٹا لگنے کا اندیشہ ہوتا ہے۔

چیف میڈیکل آفیسر کرس وٹی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کا کہنا تھا کہ حالات کو پھر سے بہتر پوزیشن پر لانے کیلئے یہ پابندی عارضی اور صرف دو ہفتوں پر مشتمل ہوگی۔
انہوں نے اس عزم کو بھی دوہرایا کہ ستمبر میں اسکول کھولنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
بورس جانسن نے کہا کہ کیسینوز، بائولنگ ایلینز اور اسکیٹنگ رنگز اب یکم اگست کی بجائے 15 اگست سے کھلیں گے اور 30 افراد کی شرکت کے ساتھ شادی کی تقریب کی اجازت کو بھی ملتوی کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 8اگست سے عبادت گاہوں، میوزیم، گبلریز اور سینما جانے والوں کولازمی طور پر ماسک پہننا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف پیش رفت جاری ہے لیکن یورپی ممالک میں کیسز بڑھنے کے بعد ہمیں تیار رہنا ہوگا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ اقدام دوبارہ لاک ڈائون لگانے کی طرف قدم نہیں ہے۔ لاک ڈائون میں نرمی کے اقدامات ملتوی کیے جانے کے سبب انڈور پرفارنس، اسپورٹس اسٹیڈیم اور کانفرنس سینٹر بھی نہیں کھل سکیں گے۔ واضع رہے ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتہ ہر روز انفیکشن کے 2 ہزار 800 نئے کیسز سامنے آئے تھے۔