برمنگھم میں یوم آزادی پاکستان کے حوالے سے تقریب، برطانوی افواج کے نمائندوں کی خصوصی شرکت – Kashmir Link London

برمنگھم میں یوم آزادی پاکستان کے حوالے سے تقریب، برطانوی افواج کے نمائندوں کی خصوصی شرکت

برمنگھم (کشمیر لنک نیوز، تصاویر بشکریہ: عرفان طاہر) پردیس میں رہتے ہوئے وطن سے محبت کو اجاگر کرنے اور عملی طور پر مادر وطن سے اپنا رشتہ مضبوط کرنے والے اوورسیز پاکستانی اگست کے سارے ماہ میں یوم آزادی کے حوالے سے تقریبات منعقد کرتے رہتے ہیں۔ ایسی ہی ایک تقریب برمنگھم میں بھی ہوئی جسکا اہتمام معروف سماجی شخصیت اعجاز صدیقی نے کیا تھا۔ تقریب میں رائل نیوی، رائل ائر فورس، رائل بری فوج کے نمائندوں نے شریک ہوکر پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ خواتین، بچوں نے پاکستان کے پرچم کے رنگوں پر مشتمل لباس زیب تن کیا ہوا تھا۔ اسٹیج سے وقفے وقفے سے ملی نغمے اور ترانے بجائے جاتے رہے۔ بچوں نے اسٹیج پر ٹیبلو پیش کیااور ملی نغمہ ’’چاند میری زمین، پھول میرا وطن‘‘ پر شرکا نے تالیاں بجاکر کھل کر داد دی۔

تقریب میں قائم مقام قونصلر جنرل پاکستان سردار محمد خان خٹک، اعجاز صدیقی، دردانہ انصاری او بی ای، ہونری کیپٹن، اجمل چغتائی، ایس ایم عرفان طاہر، ظفر اسلام، محمد غالب، راجہ شوکت، مرزا فیصل اور دیگر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی کے حوالے سے مادر وطن کی یاد میں منعقدہ ایسے پروگرام دلی خوشی کا باعث بنتے ہیں۔ قائم مقام قونصلر جنرل سردار محمد خان خٹک کا کہنا تھا کہ اوورسیز کمیونٹی نے ہمیشہ بڑھ چڑھ کر ملکی تعمیر و ترقی میں حصہ لیا۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے روشن ڈیجیٹل پاکستان کی وجہ سے ملک میں کثیر زرمبادلہ بھیجا گیا۔ روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کی وجہ سے یہاں پر مقیم کمیونٹی ملک میں محفوظ سرمایہ کاری کرسکتی ہے، انکا مزید کہنا تھا ملک میں زلزلہ ہو، سیلاب یا کوئی اور قدرتی آفت اوورسیز کمیونٹی نے آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کیا ہے۔

میزبان تقریب اعجاز احمد صدیقی نے کہا کہ اس طرح کی تقریبات کا مقصد نئی نسل کے پاکستان کے ساتھ روابط مضبوط اور مستحکم کرنا ہے۔ خوشی ہے کہ مختلف شعبوں کی شخصیات نے پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے تقریب میں شرکت کی۔ دردانہ انصاری او بی ای نے ویمن ان پاورمنٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ میں پاکستانی کمیونٹی کو بہت مواقع میسر ہیں، جتنی جو محنت کرے گا، وہ اتنا ہی آگے بڑھے گا۔

تقریب میں برٹش پاکستانی فورم کی جانب سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں کو اپنے اپنے شعبہ جات میں اہم کردار ادا کرنے پر اعزازات سے نوازا، یوم آزادی پاکستان کی اس تقریب میں پاکستان کرسچن سوسائٹی کے افراد نے بھی شرکت کی۔ ینگ پولیس کرائم کمشنر کی آمد پر شرکا نے تالیوں سے استقبال کیا۔ آخر میں مختلف افراد نے اسٹیج پر جمع ہوکر قومی ترانوں کی دھن پر کیک کاٹ کر خوشی کا اظہار کیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes