سید علی گیلانی کی زندگی تحریک آزادی کے لیے وقف تھی، انکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی؛ فہیم کیانی – Kashmir Link London

سید علی گیلانی کی زندگی تحریک آزادی کے لیے وقف تھی، انکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی؛ فہیم کیانی

برمنگھم( کشمیر لنک نیوز) ) سید علی گیلانی نے اپنی زندگی تحریک آزادی کے لیے وقف کر رکھی تھی، انکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انشااللہ آزادی کا سورج ضرور طلوع ہو گا۔ تحریک آزادی کشمیر کے عظیم رہنما قائد کشمیر محترم سید علی گیلانی کے انتقال پر سپارک بروک اسلامک سنٹر برمنگھم میں غائبانہ نماز مفتی فاروق علوی نے پڑھائی۔
اس موقع پر تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی نے قائد محترم کی تحریک آزادی کشمیر کے لیے خدمات پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا، بھارتی حکومت کی جانب سے ان کی میت کو رات کے اندھیرےمیں دفن کرنے پر بھارتی حکمران کی بزدلی اور غیر قانونی ہتکھنڈوں کی شدید مزمت کی۔

تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب، پاکستان رابطہ کونسل کے سینئر وائس چیئرمین ڈاکٹر خرم بشیر،مولانا سرفراز مدنی، حاجی سجاول خان،تحریک استحکام برطانیہ کے ترجمان افتخار جگنو، برمنگھم سنٹرل مسجد کے چیئرمین میاں مقبول حسین، ڈاکٹر محمد خالد سمیت مختلف کشمیری اور پاکستانی جماعتوں کے سرکردہ رہنمائوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےسید علی گیلانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سید علی گیلانی نے تحریک آزادی کشمیر میں ایک تاریخ رقم کی ہے، وہ ساری زندگی تحریک سے وابستہ رہے کشمیر کا بچہ بچہ علی گیلانی بن چکا ہے اور ان ک نقش قدم پر چل کر ان کے مشن کو جاری رکھنے کا عزم رکھتا ہے۔ غائبانہ نماز جنازہ میں سرکرہ رہنماؤں نے شرکت کی۔

50% LikesVS
50% Dislikes