ذوالفقار بھٹو نے عوام کے اندر حق مانگنے کا حوصلہ پیدا کیا:مرزا خالد محمود

برمنگھم … مرزا خالد محمود ایم پی نے کہا ہے کہ بلاشبہ ذوالفقار علی بھٹو تیسری دنیا کے عظیم لیڈر تھے جنہوں نے پسے ہوئے طبقات کو انقلاب کا صرف راستہ نہیں دکھایا بلکہ انہیں ساتھ لیکر عوامی انقلاب کا راستہ ہموار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کے اندر بولنے اور حق مانگنے کا حوصلہ پیدا کیا ۔ وہ ایک مسلم عوامی لیڈراور باجرأت انسان تھے انہوں نے پاکستان کے اندر ایک نئی سوچ پیدا کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راول ویلج میں صدر آزاد کشمیرکے مشیر واجد علی برکی کی طرف سے سابق وزیراعظم پاکستان ذوالفقار علی بھٹوکی35ویں برسی کے موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر پر دو ٹوک اور با جرأت وکالت کی ۔ مسلم امہ کا ایک مضبوط بلاک بنانے کیلئے جدو جہد کی، پوری قوم کو ایک آواز بنا کر اکٹھا کیا۔ ایک آزاد خودمختار اور خوشحال پاکستان کیلئے جدوجہد کی ۔ انہوں نے کلمہ حق کہتے ہوئے موت کو گلے لگا لیا۔ لیکن اپنے مشن سے پیچھے نہیں ہٹے ہم بھٹو کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے پاکستان کی خوشحالی ، عزت و وقار اور استحکام تحریک آزادی کشمیر کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ اس موقع پر صدر تقریب مشیرِ صدر آزاد کشمیر واجد علی برکی نے کہا کہ مجھے اس بات پر فخر ہے کہ اسٹوڈنٹ لائف سے شہید بھٹو کا سپاہی ہوں میرے خاندان کی پیپلز پارٹی کیلئے قربانیاں ہیں نیز آج میرے لئے اعزاز کی بات ہے کہ صدر آزاد حکومت کا مشیر مجھے مقرر کیا گیا ہے ۔ تقریب سے وزیراعطم آزاد کشمیر کے مشیر سعید مغل ، پیپلز پارٹی یورپ کے صدر سردار شبیر خان ، مولانا بوستان قادری ، شریف مغل ، چوہدری امین ، عارف کیروی ، چوہدری عبدالغفور کونسلر ادریس ، کونسلر اخلاق ، کونسلر ماجد ، کونسلر حبیب سابق کونسلر شوکت راجہ امجد خان ، چوہدری ظفر اقبال ، چوہدری اشتیاق ، چوہدری اسلم نواز، شہزاد اقبال ، نائب حسین مغل ، شوکت علی سالیسٹر ، تصور نقوی سالیسٹر ، آصف مغل ، سید واجد علی نقوی ، چوہدری ادریس ، سیّد عابد کاظمی نے بھی خطاب کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں