کل جماعتی کشمیر بین الاقوامی رابطہ کمیٹی نئی انتظامیہ کا پہلا اجلاس، سید علی گیلانی کو خراج عقیدت – Kashmir Link London

کل جماعتی کشمیر بین الاقوامی رابطہ کمیٹی نئی انتظامیہ کا پہلا اجلاس، سید علی گیلانی کو خراج عقیدت

برمنگھم (کشمیر لنک نیوز) کل جماعتی کشمیری بین الاقوامی رابطہ کمیٹی کے نو منتخب صدر چوہدری شاہ نواز نے انٹرنیشنل کشمیر کو آرڈی نیشن کمیٹی کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عظیم حریت رہنما سید علی گیلانی کی وفات سے جہاں عالمی سطح پر تحریک آزاد ی کشمیر کیلئے گونجنے والی توانا آواز خاموش ہوئی،وہاں کشمیر کی حتمی آزادی کیلئے کی جانے والی جدوجہد کا سنہری باب بند ہوگیا، کُل جماعتی کشمیر بین الاقوامی رابطہ کمیٹی اس بات کا عہد کرتی ہے کہ عظیم حریت لیڈر کی جدوجہد مرتے دم تک جاری رکھیں گے۔

اس موقع پر راجہ فہیم کیانی ، راجہ اسحاق صابر، راجہ قیوم، ارشاد عزیر، چوہدری افتخار، راجہ سکندر، حاجی نواز، چوہدری ظفر اقبال ایڈووکیٹ، مولانا طارق ، ساجد چوہدری، عنصر علی خان، حاجی محمد ایوب سرکھوی، وقاص، زاہد چوہدری سمیت ُکل جماعتی کشمیر بین الاقوامی رابطہ کمیٹی کی ممبر جماعتوں نے شرکت کی۔ جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر برطانیہ کو اس اجلاس میں شرکت کی خصوصی درخواست کی گئی تھی۔

چوہدری شاہ نواز کا کہنا تھا کہ عظیم حریت لیڈر سید علی شاہ گیلانی کی وفات سے تحریک کشمیر کیلئے کی جانے والی جدوجہد کا سنہری باب ہمیشہ کیلئے بند ہوگیا لیکن آج ہم اس بات کا عہد کرتے ہیں کہ ان کے مشن کی تکمیل اور مقبوضہ کشمیر جموں و کشمیر کی حتمی آزادی تک جاری رکھیں گے، ہم برطانیہ میں کشمیر کے حوالے سے قومی دنوں اور قومی رہنمائوں کے حوالے سے معلومات پر مبنی کتابچے کتابی صورت میں چھپوا کر تقسیم کریں گے اور بہت جلد انٹرنیشنل سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے انٹرنیشنل کشمیر کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔

پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ کے صدر محسن باری نے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان پیپلزپارٹی برطانیہ کشمیر کے مسئلہ پر کل جماعتی کشمیر بین الاقوامی رابطہ کمیٹی کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔ راجہ فہیم کیانی نے کہا کہ برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیر ایشو پر بحث ایک مثبت پیش رفت ہے، اس سے مسئلہ مزید اجاگر ہوگا۔ سابق صدر چوہدری عظیم نے کہا کہ ہم نے جمہوری طریقے سے نئے صدر کا انتخاب کیا ،اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔ راجہ اسحٰق صابر صدر آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس برطانیہ کا کہنا تھا کہ ہم کشمیر انٹرنیشنل کو آرڈینشن کمیٹی کے ساتھ بطور ممبر اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔ چوہدری افتخار نے بھی کشمیر کےمسئلہ پر اپنا تعاون جاری رکھنے کا عزم کیا۔ سابق کونسلر عنصر علی خان نے کہا کہ بطور کونسلر کشمیر ایشو کیلئے کام کیا اور اب بھی ہر سطح پر اس مسئلے کو اجاگر کرتے رہیں گے۔

50% LikesVS
50% Dislikes