پاکستان پیپلز پارٹی برمنگھم مڈلینڈز کے زیراہتمام بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ کی تقریب کا انعقاد – Kashmir Link London

پاکستان پیپلز پارٹی برمنگھم مڈلینڈز کے زیراہتمام بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ کی تقریب کا انعقاد

برمنگھم (کشمیر لنک نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی برمنگھم مڈلینڈز کے زیراہتمام پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جسکے مہمان خصوصی برطانیہ میں پارٹی صدر محسن باری تھے۔ میزبانی کے فرائض پاکستان پیپلزپارٹی مڈلینڈ اور برمنگھم کے رہنما چوہدری شاہ نواز ، قیوم راجہ، مرزا اختر اور ارشاد عزیز نے ادا کئے۔ برمنگھم برانچ نے اس موقع پر پارٹی قائد کی سالگرہ کا خصوصی کیک بھی تیار کروایا تھا جسے تقریب کے آغاز میں کاٹ کر خوشی کا اظہار کیا گیا۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری اس وقت پاکستان کی نوجوان اور مقبول ترین قیادت ہیں، آنے والوں وقتوں میں پاکستان پیپلزپارٹی ملک کو بلاول بھٹو کی صورت میں پہلا نوجوان وزیراعظم دے گی جو اس قوم کا غربت سے نجات دہندہ بنے گا اور وطن عزیز پاکستان کو صحیح معنوں میں دنیا کا عظیم ملک بنائے گا۔مقررین کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ صرف پاکستان و آزاد کشمیر میں ہی نہیں بلکہ برطانیہ سمیت امریکہ،یورپ میں بھی منائی گئی۔

مہمان خصوصی مرکزی صدر برطانیہ محسن باری کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری سے پوری قوم کی امیدیں وابستہ ہیں، حالیہ آزاد کشمیر میں پیپلزپارٹی کی کامیابی اس بات کی نوید ہے کہ آنے والا وقت پاکستان پیپلزپارٹی کا ہے۔ پی پی مڈلینڈ کے صدر چوہدری شاہ نواز نے کہا کہ جگہ جگہ بلاول بھٹو کی سالگرہ کے کیک کاٹ کر خوشی کا اظہار کیا گیا یہ کارکنوں کا اپنے قائد کے ساتھ محبت کا اظہار ہے۔ وحید اقبال، اسد نواز کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کی بڑی تعداد پیپلزپارٹی کی صف اوّل میں بھٹو کے نظریات کا پرچار کر رہی ہے۔

محمد ایوب سرکھوی نے کہا کہ ہمارا خاندان نسل در نسل پی پی کے ساتھ وابستہ ہے۔ مرزا اختر محمود کا کہنا تھا کہ برطانیہ، آزاد کشمیر ،پاکستان سمیت دنیا بھر میں بلاول بھٹو کی سالگرہ منائی جارہی ہے۔ یہ کارکنوں کا اپنی قیادت کے ساتھ اظہار یکجہتی ہے۔ قیوم راجہ، ارشاد عزیر، رضا گجر، وقاص الحق کا کہنا تھا کہ پارٹی میں آنے والے دن جیسے پارٹی کا یوم تاسیس ہو یا قائدین کی سالگرہ یا پھر شہداء کا دن ہو اس مناسبت سے تقاریب کے انعقاد سے کارکنوں کو حوصلہ ملتا ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes