تحریک انصاف آزاد کشمیر کو اوورسیز میں آباد کشمیریوں کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنا چاہیئے؛ ملک نثار – Kashmir Link London

تحریک انصاف آزاد کشمیر کو اوورسیز میں آباد کشمیریوں کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنا چاہیئے؛ ملک نثار

برمنگھم (کشمیر لنک نیوز) برطانیہ کے دورے پر آئے کوٹلی آزاد کشمیر سے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما ملک نثار کے اعزاز میں مولانا الطاف نقشبندی کی جانب سے ایک استقبالیہ کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں دوست احباب کو بھی مدعو کیا گیا اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ملک نثار کا کہنا تھا کہ تھوڑے ہی عرصے میں پی ٹی آئی آزاد کشمیر میں مضبوط جماعت بن کر ابھری ہے لیکن اب فیڈلوں میں بڑی احتیاط کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بیرون ممالک میں آباد پی ٹی آئی کے رہنما اور کارکن حقیقی معنوں میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے وژ ن کو عملی جامع پہناسکتے ہیں اسلئے انہیں مختلف اداروں میں بطور منتظم تعینات کرنا چاہیئے۔ حالیہ انتخابات کے حوالے سے ملک نثار احمد کا کہنا تھا ہم پارٹی ٹکٹ کیلئے حلقہ راج محل سے چھ امیدوار تھے ظاہر ہے ٹکٹ تو ایک امیدوار ملنا تھا، ہم نے پارٹی قیادت کے فیصلے کو دل وجان سے قبول کرتے ہوئے ملک ظفر کا ساتھ دیا اور 35؍سال سے منتخب ہونے والے ملک نواز کو شکست سے دوچار کیا۔

نثار ملک کا مزید کہنا تھا کہ ہم بلدیاتی انتخابات پر یقین رکھتے ہیں تاکہ اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کیا جاسکے لیکن جب تک بلدیاتی انتخابات نہیں ہوجاتے بیورو کریسی کو ایڈمنسٹریشن شپ کے اضافی چارج دینے کے بجائے پارٹی ورکرز اور ٹکٹ کے حصول سے رہ جانے والے پارٹی امیدواروں اور رہنمائوں کو مختلف ضلعی و تحصیل سطح سمیت ترقیاتی اداروں کے ایڈمنسٹریٹر تعینات کرکے ان کی صلاحیتوں سے استفادہ حاصل کیا جا ئے اس سے ایک جانب ان کی حوصلہ افزائی بھی ہوجائے گی دوسری جانب پارٹی ورکرز ایڈجسٹ ہوجائیں گے۔

تقریب کے میزبان مولانا محمد الطاف نے معزز مہمان کا شکریہ ادا کیا ان کا کہنا تھا آزاد خطہ کی خوبصورتی ہے کہ نظریاتی وابستگی سے بالا تر ہوکر مہمان نوازی میں ایک دوسرے سے سبقت لے جاتے ہیں۔ اس موقع پر ملک و ملت کی سلامتی اور استحکام کی دعا بھی کی گئی۔

50% LikesVS
50% Dislikes