برمنگھم قونصلیٹ میں گذارے وقت کی یادیں عمر بھر نہ بھلاسکوں گا؛ سبکدوش ڈپلومیٹ سردار خٹک – Kashmir Link London

برمنگھم قونصلیٹ میں گذارے وقت کی یادیں عمر بھر نہ بھلاسکوں گا؛ سبکدوش ڈپلومیٹ سردار خٹک

برمنگھم (کشمیر لنک نیوز) برطانیہ کے اہم شہر برمنگھم کے پاکستانی قونصلیٹ میں ڈپٹی قونصلر جنرل کی ذمہ داریاں مکمل کرکے وطن واپس جانے والے ڈپلومیٹ سردار خان خٹک کے اعزاز میں کمیونٹی کی جانب سے ایک الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا جسکی میزبانی قادریہ ٹسٹ برمنگھم نے کی۔ تقریب میں چیئرمین قادریہ ٹرسٹ صاحبزادہ پیر محمد طیب الرحمن، لارڈ میئر برمنگھم کونسلر محمد افضل، سابق وزیر برائے اوورسیز حکومت آزاد کشمیر راجہ جاوید اقبال، سابق لارڈ میئر کونسلر محمد عظیم، سابق لارڈ میئر کونسلر محمد شفیق شاہ، کونسلر محمد ماجد خان، کونسلر محمد اخلاق، کونسلر وسیم ظفر، کونسلر اخلاق فاضل، چیئرمین قائداعظم ٹرسٹ راجہ اشتیاق سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی اور مہمان شخصیت کو انکی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔

مقررین کا کہنا تھا کہ تقریب میں کمیونٹی کی کثیر تعداد میں شرکت اس بات کی غمازی ہے کہ سردار خٹک خان نے کمیونٹی کے ساتھ گہرے مراسم استوار کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کو یقینی بنایا ۔ میزبان تقریب صاحبزادہ پیر محمد طیب الرحمن قادری نے کہا کہ برطانیہ میں اوورسیز کمیونٹی زندگی کے ہر شعبہ میں نمایاں کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ دین اسلام کی تبلیغ و اشاعت کے لیے بھی گراں قدر خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قونصلیٹ برمنگھم کے سبکدوش ہونے والے وائس قونصلر جنرل سردار خٹک نے ہر مرحلے پر ہماری بھرپور مدد کی۔

مقررین کا مزید کہنا تھا کہ سردار خٹک خان کو ملنے والی عزت و تکریم کو پاکستان ہائی کمیشن اور دیگر قونصلیٹ کے افسران و اہلکار اپنے لیے مثال بناتے ہوئے عوام کی خدمت کریں اور پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائیں۔ اس موقع پر شرکا نے برمنگھم کمیونٹی کی جانب سے سردار خٹک کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔ مہمان شخصیت نے شرکا تقریب کی اس پذیرائی پر شکریہ ادا کیا اور کہا برمنگھم میں گذارے جانے والے وقت کی یادیں وہ عمر بھر نہ بھلاسکیں گے۔

50% LikesVS
50% Dislikes