معیاری تعلیم سے ہم مستقبل کے معماروں کو اچھا اور کامیاب انسان بناسکتے ہیں؛ چیئرمین سپر ہینڈز چیریٹی – Kashmir Link London

معیاری تعلیم سے ہم مستقبل کے معماروں کو اچھا اور کامیاب انسان بناسکتے ہیں؛ چیئرمین سپر ہینڈز چیریٹی

برمنگھم (کشمیر لنک نیوز) پاکستان اورآزادکشمیر کے علاقوں میں ایجوکیشن پرکام کرنے والی برمنگھم کی فلاحی تنظیم سپر ہینڈز کے منتظمین نے ایک پریس کانفرنس میں چیریٹی کا سالانہ کارکردگی پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری 10 سالہ کامیابیوں کا محور و مرکز ضرورت مند بچوں کے اندر پائےجانے والے احساس محرومی کا خاتمہ کر کے دیگر بچوں کے ساتھ ہم پلہ اور تعلیم کا فروغ ہے۔ اس موقع پر مکمل ہونے والے پرو جیکٹس اور آئندہ کے لائحہ و عمل کا اعلان کیا گیا اور سکولوں سے فارغ التحصیل طلباء کو اعلیٰ تعلیم اداروں تک سپانسر کرنے کافیصلہ بھی کیا گیا۔

چیئرمین سپر ہینڈزچیرٹی برطانیہ بیرسٹر عبدالقیوم چوہدری نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہم گزشتہ10 سال سے سپر ہینڈ چیرٹی کے زیر اہتمام پاکستان اور آزادکشمیر میں فری اور معیاری تعلیم پر کام کر رہے ہیں جس کے ذریعہ پانچ اسکولز قائم کئے گئے ۔ ہم نے دیکھا کہ پاکستان میں امیروں کے بچے اچھی تعلیم حاصل کرکے بہتر روزگار حاصل کر لیتے ہیں لیکن غریب کا بچا غربت کی وجہ سےمعیاری تعلیم حاصل نہیں کر پاتاجس کے پیش نظر ہم نے اپنے اسکولز میں پرائمری سے انگلش،عربی اور اردو تین زبانوں میں اچھے تعلیم یافتہ اساتذہ کے ذریعہ تعلیم کا آغاز کیااور طلبہ کو دن کا کھانا ،کپڑے اور تعلیم کے ساتھ تربیت بھی دی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بچوں میں بہت ٹیلنٹ ہے ،ہمارے اسکولز کے بچے انگلش اور عربی میں گفتگو کرتے ہیں،اب ہمارے پاس دو ہائی اسکولز،دو مڈل اسکولز اور ایک پرائمری اسکول ہے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم مزید اسکول بھی قائم کرنا چاہتے ہیں، ان اسکولز میں فزیکل تعلیم اور بچوں کو ایک بہترین انسان بنانے کے لئے ان کی معاشرتی تربیت بھی کی جائے گی،جس سے طلبہ کا کردار بہتر ہو گاجو لوگ زکوٰۃ لینے کے حق دار ہیں ان کے بچوں کو تعلیم مفت دے رہے ہیں،572بچے اس وقت ہمارے پاس زیر تعلیم ہیں جن کو اسکولز کی تعلیم مکمل ہونے کے بعد کالجز اور یونیورسٹیز کی تعلیم بھی ہم مکمل کروائیں گے تاکہ یہ معاشرے میں ایک اچھے شہری اور آفیسر بن کرایک فلاحی سوچ کے تحت مستقبل کے معماروں کو تیار کر سکیں۔

ٹرسٹیز افتخار احمد صدیقی،عمران چوہدری،مرزا تاج،پروفیسر رضا ،ظفر اقبال اور دیگر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد غریب نادار افراد کی خدمت کرنا ہے۔ معیاری تعلیم سے ہی ہم اپنے مستقبل کے معماروں کو اچھا انسان بنا کر اپنے معاشرے کو ترقی یافتہ صف میں لاکھڑا کر سکتے ہیں جس کےلئے ہم نے آغاز کر دیا ہے اور مخیر حضرات سے ہماری اپیل ہے کہ وہ اس نیک مقصد میں ہمارا ساتھ دیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes