برمنگھم کرکٹ لیگ برطانیہ کی قدیم کرکٹ لیگ ہے، جس نے بڑے بڑے کھلاڑی پیدا کیے؛ سابق میئر برمنگھم – Kashmir Link London

برمنگھم کرکٹ لیگ برطانیہ کی قدیم کرکٹ لیگ ہے، جس نے بڑے بڑے کھلاڑی پیدا کیے؛ سابق میئر برمنگھم

برمنگھم (کشمیر لنک نیوز) مقامی ہال میں اے جے کے کرکٹ کلب کے زیر اہتمام تقریب تقسیم انعامات ہوئی جس میں کرکٹ سیزن کے بہترین کارکردگی دکھانےوالے کھلاڑیوں میں، ایوارڈز اور انعامات تقسیم کئے گئے، تقریب میں مقامی کمیونٹی رہنماؤں نے شرکت کر کے نوجوانوں کو صحت مندانہ گرمیوں کی طرف راغب کرنے پر کلب مینجمنٹ کو خوب داد دی اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا۔

آزاد جموں و کشمیر کرکٹ کلب برمنگھم کے زیراہتمام سالانہ جلسہ تقسیم انعامات اور سیزن کے اختتام پر سنڈے لیگ اور سینچر ڈے لیگ میں اجتماعی اور انفرادی کارکردگی کے حامل کھیلاڑیوں کو اعزازات سے نوازنے کی تقریب کے مہمان خصوصی سابق لارڈ میئر برمنگھم کونسلر شفیق شاہ تھے جبکہ صدارت کلب کے بانی راجہ طارق کیانی نے کی۔ دیگر مہمانوں میں برمنگھم کرکٹ لیگ کے چیئرمین ظفر اسلام، سابق کونسلر راجہ ایاز ایڈووکیٹ، ثاقب ایاز راجہ، نسیم کیانی شامل تھے۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سابق لارڈ میئر کونسلر شفیق شاہ نے کہا کہ سائوتھ ایشین ریجن میں کرکٹ ہمیشہ مقبول کھیل رہا ہے۔ برطانیہ میں موجود ہماری کمیونٹی کو کرکٹ کے ذریعے کھیل کی جانب راغب کیا جاسکتا ہے۔ ظفر سلام نے کہا کہ برطانیہ میں برمنگھم کرکٹ لیگ سب سے قدیم کرکٹ لیگ ہے، جس نے ماضی میں بڑے بڑے کھلاڑی پیدا کیے۔ ایاز راجہ ایڈووکیٹ کا کہنا تھا نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں۔ ان کی حوصلہ افزائی بہترین تربیت بطور کمیونٹی رہنما ہماری ذمہ داری ہے۔

دیگر رہنمائوں کا کہنا تھا کہ نوجوانوں میں کرکٹ سمیت دیگر کھیل کی مدد سے صحت مند سرگرمیاں کو فروغ دے کر انہیں مین اسٹریم معاشرے کا حصہ بنایا جاسکتا ہے۔ سوشل میڈیا اور ٹیکنالوجی کے اس دور میں کھیل کے میدان آباد کرنے سے ایک صحت مند معاشرے کا قیام عمل میں لایا جاسکتا ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes