تمام ہم خیال کشمیری جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں؛ راجہ نجابت حسین

برمنگھم (محمد فیاض بشیر) جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین، ڈپٹی لارڈ میئر مانچسٹر کونسلر یاسمین ڈارچیئرپرسن JKSDMIUKاور آسیہ حسین چیئرپرسن JKSDMI ویسٹ مڈ لینڈزنے آل پارٹیزانٹرنیشنل کشمیر کوآرڈینیشن کمیٹی برطانیہ کی جانب سے منعقدہ خصوصی کشمیر اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کا انعقاد آل پارٹیزانٹرنیشنل کشمیر کوآرڈینیشن کمیٹی برطانیہ کے صدرچوہدری محمد شاہنواز اور سیکرٹری جنرل صاحبزادہ محمد فاروق قادری کی جانب سے کیا گیا۔اجلاس میں مشترکہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ مسئلہ کشمیراورKashmir Campaign کے سلسلہ میں برطانیہ اور یورپ میں تمام کشمیری و دیگر ہم خیال جماعتوں کے ساتھ مل جل کر کام کیا جائے گا۔تمام کشمیری جماعتوں کے ساتھ مل جل کر سفارتی محاذ پر تحریک آزادی کشمیر کی سرگرمیوں میں بھرپور انداز میں تیزی لائی جائے گی۔

راجہ نجابت حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام ہم خیال کشمیری جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں اور ہماری تحریک کا مقصد یہی ہے کہ ہم مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق پوری دنیا میں اُجاگر بھی کریں اور اس طویل بین الا قوامی مسئلے کا فوری اور پائیدار حل بھی تلا ش کریں، ریاست جموں وکشمیر کی موجودہ نازک صورتحال کے تناظر میں ضروری ہو چکا ہے کہ بیرون ممالک بسنے والے تمام کشمیری متحد اور منظم ہو کر تحریک آزادی کشمیر کے لئے مل جل کر کام کریں۔اگلے چھ ماہ تک کا لائحہ عمل مل جل کر طے کیا جائے گا اور مشترکہ طور پر سفارتی محاذ پر مسئلہ کشمیر اُجاگر کیا جائے گا اور عالمی برادری کی توجہ حاصل کی جائے گی۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ جامع، منظم اور مشترکہ سرگرمیوں کے زریعے بھارت پر بین الا قوامی دباؤ بڑھانے میں مدد ملے گی اور تحریک آزادی کشمیر کو تقویت ملے گی اور ہمیں یقین ہے کہ اگر بیرون ممالک بسنے والے تمام کشمیری اورتمام کشمیری جماعتیں مشترکہ طور پر لائحہ عمل طے کریں اور سفارتی محاذ پر مل جل کر کام کریں تو بھارت بہت جلد گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہو جائے گا اور مقبوضہ جموں کشمیر کے عوا م کو بھارتی تسلط سے آزادی مل جائے گی۔

راجہ نجابت حسین نے کہا کہ وہ آل پارٹیزانٹرنیشنل کشمیر کوآرڈینیشن کمیٹی برطانیہ کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں اور ایک دوسرے کے تعاون سے تحریک آزادی کشمیر کا بین الا قوامی سفارتی محاذ سرگرم رکھنا چاہتے ہیں۔ راجہ نجابت حسین کا کہنا تھا کہ ہماری سرگرمیاں سارا سال جاری و ساری رہتی ہیں اور میں آج کے پلیٹ فارم سے سب کو دعوت دیتا ہوں کہ ہماری رواں ماہ ہونے والی سرگرمیاں اور خاص طور پر جولائی 2022 والی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کریں اور اس سلسلہ میں تمام شرکاء کو باضابطہ دعوت دی جائے گی۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ جس طرح ہم اوورسیز کشمیری آزادجموں وکشمیر سے آنے والے سیاسی و دیگر قائدین کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے ہمیشہ سے ہی خوش آمدید کہتے رہے ہیں اسی طرح کہتے رہیں گے اور بڑھ چڑھ کر ان کا ویلکم کرتے رہیں گے لیکن شرط یہ ہے کہ ہمارا بھی اسی طریقہ سے خیال رکھا جائے اور ہمارے ذاتی اور ہمارے عزیز و اقارب جو آزادجموں وکشمیر اور دیگر جگہوں پر بستے ہیں ان کے تمام معاملات کو حل کرنے کے سلسلہ میں حکومتی سطح پر ترجیح دی جائے۔

حکومت آزادجموں وکشمیر تمام اوورسیز کشمیریوں اور تمام کشمیری جماعتوں کے کام کو حکومتی سطح پر تسلیم کرے اور ہماری حوصلہ افزائی کرے اور جتنی بھی کشمیری جماعتیں دنیا کے مختلف ممالک میں تحریک آزادی کشمیر کے لئے سرگرم عمل ہیں ان سب کے ساتھ آزادجموں وکشمیر کی حکومت قریبی روابط استوار کرے اور ان کی حوصلہ افزائی کرے اور ان کے کام کو تسلیم کرے تا کہ تحریک آزادی کشمیر میں تیزی لائی جا سکے اور مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کو بھارتی تسلط سے آزادی دلوائی جا سکے اور کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دلوایا جائے اور کشمیریوں کی جدو جہد کی تکمیل کی جائے۔ڈپٹی لارڈ میئر مانچسٹر کونسلر یاسمین ڈارچیئرپرسن JKSDMIUKنے اپنے خطاب میں کہا کہ وقت کا تقاضہ یہی ہے کہ تمام کشمیری یکجاہو کر متحد اور منظم ہو کر اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھیں کیوں کہ تن تنہا کوششوں کے اثرات بہت کم ہوتے ہیں اور متحد اور منظم کوششوں کے نتیجے میں آزادی کشمیر کے سلسلہ میں مطلوبہ نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔

چوہدری محمد خادم و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت فوری طور پر محمد یاسین ملک اور دیگر تمام کشمیری راہنماؤں کو رہا کرے اور اس سلسلہ میں ہم سب کشمیری سینئر اور تجربہ کار وکلاء کی ٹیم کے زریعے محمد یاسین ملک اور دیگر کشمیری راہنماؤں کی رہائی کے لئے عملی اقدامات کو یقینی بنانے کے لئے سرگرم ہے اور بہت جلد سفارتی محاذ کے علاوہ قانونی دروازوں پر دستک دی جائے گی۔اجلاس میں خواجہ سلیمان، مرزا نذیر احمد، فضل الرحمن، چوہدری محمد حنیف، چوہدری محمد خادم، چوہدری ریاست، راجہ محمد سکندر، محمد ظفر،سیاسی، سماجی، کاروباری و دیگر کشمیری راہنماؤں کے علاوہ مقامی میڈیا نے بھرپور شرکت کی۔ راجہ نجابت حسین نے تمام میزبانوں اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں